پرامن معاشرے کے قیام میں صحافیوں کاکرداراہم ہے،آرپی اوڈیرہ

جمعرات 1 مارچ 2018 23:40

ڈیرہ۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء)ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل اجاگر کرنے اور معاشرے کے برائیوں کے قلع قمع میں میڈیا کا بنیادی کردار ہے‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں مثبت صحافت کے فروغ میں ڈیرہ پریس کلب کا کردار مثالی اور قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ پریس کلب کے ممبران میں چیکوں کی تقسیم کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں خطاب کے دوران کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ قاضی فضل احمد‘ ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن قاضی صبغت اللہ‘ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حاجی نثار خان بیٹنی‘ حلقہ پی کے 65 سٹی ٹو سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار سابق ایم پی اے عبدالحلیم خان قصور یہ بھی اس موقع پر موجود تھے ‘ آر پی او نے کہا کہ مختصر عرصہ میں اس حقیقت کا میں اعتراف کرتا ہوں کہ ڈیرہ پولیس کے ساتھ میڈیا نے قیام امن میں اور پولیس کی کارکردگی کو میڈیا پر اجاگر کرنے میں مثالی کردار رہا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کی بحالی‘ قیام امن کو یقینی بنانا‘ علاقے سے منشیات و جوا اور دیگر اخلاقی جرائم کا خاتمہ میری ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے مسائل و مشکلات بھی حل کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی عکاسی اور ترجمانی کا کردار ادا کرتا ہے اور صحافیوں کے مسائل کے حل میں میرا بھرپور تعاون ڈیرہ پریس کلب جیسے فعال صحافتی ادارہ کے ساتھ رہے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈیرہ پریس کلب کے صدر احمد خان کامرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاور کے بعد ڈیرہ پریس کلب اس صوبہ کا بڑا صحافتی ادارہ ہے انہوں نے کہا کہ اعلی صحافتی اقدار کی پاسداری کسی بھی دباو کو خاطر میں لائے بغیر عوامی امنگوں کی ترجمانی کے حوالے سے ڈیرہ پریس کلب کا کردار صوبہ بھر میں انفرادی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ قیام امن کو یقینی بنانے کے لیئے ہم نے ہمیشہ پولیس کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔