اسسٹنٹ کمشنر لاچی کا شکردرہ ون پٹوارخانہ کا اچانک دورہ، زیر التواء انتقالات فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت

جمعرات 1 مارچ 2018 23:40

پشاور۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیا س کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لاچی سمیع الرحمن نے شکردرہ ون پٹوارخانہ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے پٹوارخانے کا ریکارڈ چیک کرنے کے علاوہ عوام سے بھی ملے اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے تحصیل لاچی کے تمام پٹورایوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پٹوارخانوں میں عوام کو ہر قسم کی مطلوبہ سہولیات فراہم کریں اور ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ ریکوری پر بھی توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوںنے زیر التواء انتقالات فوری طور پر جبکہ نئے انتقالات مقررہ ڈیڈلائن میں نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیلدارلاچی عظمت آفریدی کے ہمراہ لا چی بازار کا بھی دورہ کیا اورناجائز تجاوزات اور اشیاء خوردو نوش کے نرخنامے چیک کئے جبکہ دکانداروںکو چائنہ سالٹ کی فروخت فوری طور پر روکنے اور موجود سٹاک کوتلف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعددکانوں میںچائنہ سالٹ کی برآمدگی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر لاچی نے دوکانداروںسے کہا کہ وہ اشیاء خوردو نوش سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کریں اور دکانوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے اس دورے کے موقع پر بعض دکانداروں کو موقع پر جرمانہ جبکہ بعض کو وارننگ دی ۔بازارمیںمیڈیکل سٹوروں پرچھاپوں کے دوران انہوںنے زائدلمیعاد ادویات فوری طور پر سٹورز سے ہٹانے کا حکم دیا ۔