مختص مقامات کے علاوہ کچرا جگہ جگہ پھینکنے پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی، خلاف ورزی پر دو افراد گرفتار

جمعرات 1 مارچ 2018 23:30

سکھر۔ یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تشکیل کمیشن بورڈ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس رٹائیرڈ امیر ہانی مسلم نے کچرا سے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ماحولیات قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے ضلع میں کچرا تحفظ ماحولیات قوانین کے تحت دفعہ 144 نافذکر کے محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات پر سختی سے عمل کرانیکاحکم جاری کیا ہے مختص مقامات کے علاوہ کھلے میدان/عوامی مقامات/بازاروں اور دیگر مقامات ہر ہر قسم کا کچرا/فضلہ پھینکنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف طے شدہ قانون کے تحت کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جگہ جگہ پھینکا جانے والا کچرا تحفظ ماحولیات قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور بیماریوں کا باعث بنتا ہے جس سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں ،ایس ایس پی کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے اے سیکشن پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تحفظ ماحولیات قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر دو افراد کو گرفتار کرلیا جن میں انس قریشی اورمحمد رضوان بندھانی شامل ہیں، اس ضمن میں ایس ایس پی سکھرکی جانب سے تمام ایس ایچ اوز تاجروں اور دکانداروں کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت مطلع کیا گیا ہے کہ وہ سختی سے عملدرآمد اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔