شہر میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سکھر میونسپل کارپوریشن ضروری اقدامات کررہی ہے، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

جمعرات 1 مارچ 2018 23:30

سکھر۔ یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) شہر میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سکھر میونسپل کارپوریشن تمام ضروری اقدامات کررہی ہے تاکہ پر ہجوم ٹریفک کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری لاحق نہ ہو اسی سلسلہ میں نیو اسمارٹ سگنل کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے ٹوپولاجیکل سروے ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور موٹر سائیکلوں گاڑیوں کی روزانہ تعداد میں اضافہ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ہے، بلدیہ نے ضلعی انتظامیہ سے مل کر ٹریفک کی بہتری کے لئے ناجائز تجاوزات ، پارکنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا ہے اور نو پارکنگ زونز بنائے ہیں ، تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ شہر کی ٹریفک کو جدید نیو اسمارٹ سگنلز لگا کر کنٹرول کیا جائے چونکہ ٹریفک پولیس کے مینوئل ٹریفک کنٹرول سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے جس کی وجہ سے ہر چوراہے ، اہم شاہراہوں ، سڑکوں پر ٹریفک جام ہوجاتی ہے ، اس سلسلہ میں جامع حکمت عملی وضح کرلی گئی ہے اور اسمارٹ سگنلز کی تنصیب کے سلسلے میں بھی سروے کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر میں ٹوپولاجیکل ڈرائنگ کے تحت شکار پور پھاٹک ، بائی پاس ملٹری روڈ، پولیس ہیڈ کوارٹر، شکارپور روڈ ، لب مہران ، ہائی کورٹ۔ گرم گودی ملٹری روڈ پر نیو اسمارٹ ٹریفک سگنل لگائے جارہے ہیں جن کے لگنے سے ٹریفک کنٹرول میں آسانی ہوجائے گی ۔ میئر سکھر نے شہریوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کرلی ہے جس پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے جن کے مثبت ثمرات شہریوں کو جلد حاصل ہوں گے جبکہ نیو اسمارٹ سگنلز کی تنصیب سے ٹریفک جام ہونے کی شکایات کا ازالہ ہوجائے گا ۔ میئر سکھر نے بلدیہ افسران، محکمہ پولیس اور خاص طور پر انسداد تجاوزات ونگ کو بھی مزید عملی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :