ڈائر یکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد نے شہرمیں سیوریج کی شکایات کا نوٹس لے لیا

جمعرات 1 مارچ 2018 23:20

حیدرآباد۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) ڈائر یکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآبادبدر جمیل میندھرو نے شہرمیں سیوریج کی شکایات کا نوٹس لے لیا‘ ایکسئین سٹی معطل ،جملہ ایکسئینز اور متعلقہ عملے کوانتباہ،شہر بھر سے سیوریج کی شکایات فی الفور دور کرنے کی ہدایت کردی‘ مختلف اخبارات اور دیگر ذرائع سے موصولہ خبروں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل ایچ ڈی اے بدر جمیل میند ھر ونے سیوریج سے متعلق افسران کا اجلاس طلب کیا جس میں تعلقہ سٹی ،لطیف آباد اور قاسم آباد سے تعلق رکھنے والے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں سیوریج کے مسائل ہیں انہیں فی الفور حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت اور ٹریفک میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریو ں کوفراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنا واسا کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے اس موقع پر ایکسئین سٹی سیوریج غلام محمود قاسمی کو معطل کرتے ہوئے جملہ ایکسئینز کو کار کردگی میں بہتری لانے کی ہدایت کی ڈائر یکٹر جنرل نے اس موقع پر شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور گھر کا کوڑا کرکٹ مین ہولز اور سیوریج لائنوں میں ڈالنے سے گریز کریں۔