خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کے لئے خون پسینہ بہانا پڑتا ہے، محمد شہبازشریف

اراکین اسمبلی کی وزیر اعلی کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد ،عوامی خدمات کو خراج تحسین

جمعرات 1 مارچ 2018 22:35

خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کے لئے خون پسینہ بہانا پڑتا ہے، ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دیانتداری کے ساتھ عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھا ہے، عوام نے 2013ء میں ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر حتی الامکان پورا اترنے کی کوشش کی ہے اور آج ہم عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کیلئے خون پسینہ بہانا اور مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے، عمران خان نے عوام کی خدمت کے کھوکھلے نعرے لگائے اور نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں نے اپنے صوبے خیبرپختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، وہ عوام کی عدالت میں جانے سے خوفزدہ ہیں،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ اور جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مجھے بے حد مقدم ہے،پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے پہلے سے زیادہ وسائل مختص کئے ہیں، رکاوٹوں اور دھرنوں کے باوجود پاکستان کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا،انہوں نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں عالیشان محلات اور جہاز کے مالک ہار گئے اور مسلم لیگ (ن) کا ایک درویش صفت کارکن جیت گیا،لودھراں کا ضمنی الیکشن جھوٹ اور الزام تراشیاں کرنے والوں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے، عوام آئندہ بھی خدمت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ دیں گے،اس موقع پر اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا گیا ہے، صوبے کے عوام آپ سے دلی محبت کرتے ہیں اور جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو کام آپ نے کئے ہیں وہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی نہیں کرسکا،وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ملک سلطان محمد ہنجرا، محمد اعجازالحق اور سابق ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :