ریلیف آپریشن میں تاخیر پر پاکستان ریلوے مسافروں سے معذرت خواہ ہے،خواجہ سعدرفیق

جمعرات 1 مارچ 2018 22:33

ریلیف آپریشن میں تاخیر پر پاکستان ریلوے مسافروں سے معذرت خواہ ہے،خواجہ ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی پٹڑی سے اترنے کے بعد ریلیف آپریشن میں غیر معمولی تاخیر پر پاکستان ریلوے مسافروں سے معذرت خواہ ہے، وزیر ریلوے اور ریلوے انتظامیہ کنٹرول روم میں بحالی کے کام کا جائزہ لیتے رہے، وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر پاکستان ریلویز کی طرف سے تاخیر کا شکار ٹرینوں کے مسافروں کو صبح ناشتہ پاکستان ریلوے کی طرف سے پیش کیا گیا،علاوہ ازیں ریلوے کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ 12گھنٹے یا اس سے زائد تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں کے مسافر اپنی منزل پر پہنچ کر آدھے کرائے کے برابر معاوضہ ریلوے اسٹیشن سے ہی واپس وصول کر سکتے ہیں،ریلیف آپریشن کے بعد کراچی جانیوالی گاڑیاں بھی مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں، جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے ،اکبر ایکسپریس کوئٹہ سے ،خیبر میل پشاور سے، بولان میل کوئٹہ سے، علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے ،عوام ایکسپریس پشاور سے ،جعفر ایکسپریس پشاور سے، پاکستان ایکسپریس راولپنڈی سے اورملت ایکسپرس ملک وال سے اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہو ئیں جبکہ شالیمار ایکسپریس صرف آدھا گھنٹہ تاخیر کے ساتھ لاہور سے روانہ ہوئی، ڈی ریلمنٹ کی وجہ سے ٹائم ٹیبل کو معمول پر لانے کیلئے تین ٹرینیں منسوخ کرنا پڑیں جن میں زکریا ایکسپریس اور نائٹ کوچ کراچی سے جبکہ اکبر ایکسپریس کی لاہور سے روانگی منسوخ کی گئی،ان تینوں ٹرینوں کے مسافر اپنی ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس لے سکتے ہیں۔