اسلام آباد ، ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں اربوں کا فراڈ کرنیوالے قبضہ گروپ کے سرغنہ نواز خان نے تھانہ لوہی بھیر کیساتھ ملکر مقامی شہری کی50کروڑ مالیت کی قیمتی زمین پر قبضہ کر لیا

ایس ایچ او لوہی بھیر محبوب نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے نواز خان کیساتھ مل کر زمین پر باڑ لگا دی سائل محمد احسن نے ایس ایچ او کی ملی بھگت اور نواز خان کی دیدہ دلیری کیخلاف آئی جی اسلام آباد کو درخواست دیدی

جمعرات 1 مارچ 2018 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2018ء) وفاقی دارالحکومت کی درجنوں ہاؤسنگ سوسائیٹیوں میں اربوں روپے کا فراڈ کرنیوالے قبضہ گروپ کے سرغنہ نواز خان نے تھانہ لوہی بھیر کے ساتھ مل کر مقامی شہری کی50کروڑ روپے مالیت کی قیمتی زمین پر قبضہ کر لیا۔ ایس ایچ او لوہی بھیر محبوب نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات صبح ساڑھے چار بجے نواز خان کے ساتھ مل کر زمین پر باڑ لگا دی۔

سائل محمد احسن نے ایس ایچ او کی ملی بھگت اور نواز خان کی دیدہ دلیری کیخلاف آئی جی اسلام آباد کو درخواست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کا اسلام آباد کو کرپٹ تھانیداروں سے پاک کرنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تھانہ لوہی بھیر کے ایس ایچ او محبوب نے عدالت کی طرف سے جاری حکم امتناعی کے باوجود بدھ کی صبح صادق پولیس پارٹی اور نواز خان کے غنڈوں کے ہمراہ احسن نامی شہری کی زمین پر باڑ لگانا شروع کر دی اسی دوران احسن کو اسکے ملازمین نے اطلاع دی تو وہ موقع پر پہنچے تو ایس ایچ او محبوب اپنی نگرانی میں قبضہ کروا رہا تھا۔

آئی جی اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں سائل احسن کا کہنا ہے کہ اس زمین کا 35سال سے مالک اور وارث ہوں نواز خان جو کہ راولپنڈی اسلام آباد میں زمین پر قبضوں کے حوالے سے کافی بدنام ہو چکا ہے نے بھی میری زمین پر قبضے کی کوشش کی جس پر عدالت سے حکم امتناعی لے لیا گیا لیکن نواز خان نے ایس ایچ او محبوب سے مل کر میری ملکیت زمین پر قبضہ کیا۔ واضح رہے کہ نواز خان کیخلاف ایف آئی اے اور نیب میں کرپشن کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں نواز خان جناح گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں قومی اسمبلی کے ساڑھے تین ہزار ملازمین کی جمع پونجی بھی ہڑپ کر چکا ہے۔

نواز خان پر اس وقت تک ایف آئی اے اور نیب میں ساڑھی7ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کو باکردار تھانیداروں کے سپرد کرنے کا خواب دکھایا تھا لیکن ایس ایچ او محبوب کی تازہ ترین واردات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فی الحال وفاقی دارالحکومت کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنا مشکل ہے۔ اس حوالے سے تھانہ لوہی بھیر سے رابطہ کیا گیا تو ڈیوٹی آفیسر کا کہنا تھا کہ تھانے کے تمام اہلکار ایس ایچ او کے حکم کے پابند ہوتے ہیں ہمیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ یہ قبضہ قانونی تھا یا غیر قانونی تھا۔۔