خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کے لئے خون پسینہ بہانا پڑتا ہے‘شہبازشریف

رکاوٹوں اور دھرنوں کے باوجود پاکستان کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا، عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں لودھراں ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے درویش صفت کی جیت جھوٹ بولنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 1 مارچ 2018 20:25

خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کے لئے خون پسینہ بہانا پڑتا ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دیانتداری کے ساتھ عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھا ہے۔ عوام نے 2013 میں ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر حتی الامکان پورا اترنے کی کوشش کی ہے اور آج ہم عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں۔ عوام کی خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی، اس کے لئے خون پسینہ بہانا پڑتا ہے اور مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔

نیازی صاحب نے عوام کی خدمت کے کھوکھلے نعرے لگائے اور نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں نے اپنے صوبے خیبرپختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ نیازی صاحب عوام کی عدالت میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مجھے بے حد مقدم ہے۔

پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے پہلے سے زیادہ وسائل مختص کئے ہیں۔ رکاوٹوں اور دھرنوں کے باوجود پاکستان کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں عالیشان محلات اور جہاز کے مالک ہار گئے اور مسلم لیگ (ن) کا ایک درویش صفت کارکن جیت گیا۔لودھراں کا ضمنی الیکشن جھوٹ اور الزام تراشیاں کرنے والوں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔

عوام آئندہ بھی خدمت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا گیا ہے۔ صوبے کے عوام آپ سے دلی محبت کرتے ہیں اور جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے جو کام آپ نے کئے ہیں، وہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی نہیں کرسکا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ملک سلطان محمد ہنجرا، محمد اعجازالحق اور سابق ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری شامل تھے۔