پاکستان ایک پرامن ملک کے طور پر پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن گیا ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

جمعرات 1 مارچ 2018 20:19

پاکستان ایک پرامن ملک کے طور پر پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ..
اسلام آباد۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ 2013ء میں قائم ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی زیر قیادت جس سفر کا آغاز کیا تھا اس کی بدولت ملک آج ترقی کے راستے پر گامزن ہے ‘ پاکستان ایک پرامن ملک کے طور پر پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن گیا ہے‘ توقع ہے کہ اس حکومت اور پارلیمنٹ کے جو تین ماہ باقی رہ گئے ہیں وہ بھی خوش اسلوبی سے گزر جائیں گے اور آئندہ حکومت کا فیصلہ الیکشن کے ذریعے ملک کے عوام کریں گے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں حکومت کی جو رہنمائی کی اس پر چل کر ہم بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

2013ء میں قائم ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے‘ سی پیک منصوبے کے آغاز اور بجلی کے کارخانے لگانے کے لئے اقدامات شروع کئے۔

حکومت کی کارکردگی ہر سطح پر بہتر رہی ہے۔ حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا۔ بند صنعتوں کو ایل این جی کے ذریعے رواں دواں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2013ء کے بعد ترقی کے جس سفر کا آغاز کیا اس کی وجہ سے پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے بہترین ملک بن گیا ہے۔ ملک میں امن کی بحالی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے وژن کے تحت ترقی کا عمل تیز ہوا۔

ملک میں تیزی سے موٹرویز بن رہی ہیں۔ ہزارہ موٹروے کی وجہ سے پشاور سے ایبٹ آباد کا سفر ڈیڑھ گھنٹے رہ گیا ہے۔ کراچی تک موٹروے کی تکمیل سے یہ سفر 12 گھنٹے کا رہ جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ حکومت اور اسمبلی کے تین ماہ رہ گئے ہیں یہ بھی خوش اسلوبی سے گزر جائیں گے۔ انہوں نے سپیکر کے کردار کو سراہا اور کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں آئندہ حکومت کا فیصلہ ملک کے عوام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :