مولانافضل الرحمن سے جے یوآئی (ف)ملاکنڈکے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلمان تاثیرکی ملاقات

جمعرات 1 مارچ 2018 20:14

مولانافضل الرحمن سے جے یوآئی (ف)ملاکنڈکے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلمان تاثیرکی ..
ملاکنڈ۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) جمعیت علماء اسلام(ف) ملاکنڈ کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر خان نے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور اُن سے ملاکنڈ کے سیاسی صورتحال اور پارٹی اُمور پر تفصیلی بات چیت کی ۔ اس دوران ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر خان نے مرکزی امیر کو ملاکنڈ کے سیاسی حالات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات کے لئے ملاکنڈ کے کارکنوں کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور انشاء الله ملاکنڈ کے تینوں نشستیں جیت کر دینی جماعتوں کے اتحاد اور جمعیت علماء اسلام کے قائدین کو تحفہ دیں گے ۔ سلمان تاثیر خان نے بتایا کہ ملاکنڈ کے اسلام پسند عوام میں دینی جماعتوں کے اتحاد متحد ہ مجلس عمل کے لئے جذبہ روزبہ روز بڑھ رہا ہے کیونکہ عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا ہے اور عملی تبدیلی ، حقیقی شرعی نظام اور جمہوریت کے لئے جمعیت علماء اسلام کے قائدین کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔

مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکن تمام تر توجہ عام انتخابات پر مرکوز کریں اور متحد ہو کر سیاسی مخالفین کی تمام چالیں ناکام بنائیں ۔انہوں نے جمعیت علماء اسلام کا پیغام گھر گھر پہنچانے کی ہدایت کی ۔