منفی رجحانات کی پرچار صحافیوں کے مفادمیں نہیں،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

جمعرات 1 مارچ 2018 20:13

گلگت۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صحافت جہاں حکومت کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتی ہے وہاں اس کی اولین ذمہ داریوں میں ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنا ہوتاہے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے علاقے کے صحافتی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہیں مثبت رجحان کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاھیے کیونکہ منفی رجحانات کی پرچار کسی صورت بھی ایک صحت مندانہ معاشرے کے مفاد میں نہیں ہوتا ہے۔

انھوں نے وفد کو پیشہ ورانہ ذمہ داری کا پاس رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ توازن قائم رکھتے ہوئے تصویر کے دونوں رخ دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ہی سیلف ریگولیشن کا ایک نظام وضع کریں۔چیف سیکریٹری نے وفد کے مطالبات سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان پہ غور کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے سوسائٹی کے اراکین کو بتایا کہ ان کے دل میں صحافت کیلئے بڑا احترام ہے اور ایک اعلی مقام ہے اور انھوں نے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔