ٹریول ایجنٹس کے سیاحتی پیکیجز ڈی ٹی ایس ویب سائٹ پر اپ لوڈکرنے کافیصلہ

جمعرات 1 مارچ 2018 20:11

پشاور۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز اور ٹورازم کارپوریشن نے سیاحوں کو سیاحتی مقامات کی معلومات، ہوٹلز و ریسٹورنٹس کی بکنگ ، ٹریول ایجنٹ اور دیگر معلومات تک باآسانی رسائی کیلئے ویب سائٹ مکمل کرلی جبکہ ٹریول ایجنٹس کو اپنے پیکیجزویب سائٹ پر اپ لوڈکرنے کیلئے ویب سائٹ تک رسائی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ سیاحت ، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امو رنوجوانان محمد طارق نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹی ٹورازم کارپوریشن سجاد حمید، ڈائریکٹرٹورسٹ سروسز محمد عربی، منیجرمارکیٹنگ حسینہ شوکت ، انسپکٹرز ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز اور دیگر موجود تھے، ڈائریکٹرٹورسٹ سروسز محمد عربی نے اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اب تک صوبہ بھر سے 1411ہوٹلز، 732ریسٹورنٹس اور1554 ٹریول ایجنٹس رجسٹرڈ کئے جاچکے ہیں جبکہ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں یہ تمام ڈیٹا اپ لوڈ کیا جارہا ہے جس کے بعد بہت جلد باقاعدہ طور پر ویب سائٹ لانچ کی جائے گی ، ٹریول ایجنٹ سے ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کیلئے سیاحتی پیکیج کی تفصیلات طلب کی ہیں ، انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز نے اپنے ٹارگٹ عبور کرتے ہوئے صرف 6ماہ میں 30ملین کا ٹارگٹ مکمل کیا ہے جبکہ گزشتہ سال 30ملین کے ٹارگٹ میں 29ملین مکمل کیا تھا۔