ملک کے استحکام ‘امن وامان کی بحالی یکساں نظام اور انصاف کی ضرورت ہے،سیاسی جماعتیں

بلوچستان کے عوام کے تحفظات ختم کرنے کیلئے یہاں کے وسائل پر ان کو اختیارات دینا ہوگا،رہنمائوں کاخطاب

جمعرات 1 مارچ 2018 20:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء)بلوچستان کے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤںنے کہا ہے کہ ملک کی استحکام ‘امن وامان کی بحالی یکساں نظام اور انصاف کی ضرورت ہے بلوچستان کے عوام کی تحفظات ختم کرنے کیلئے یہاں کے وسائل پر ان کو اختیارات دینا ہوگا دنیا کو اسلحہ نہیں تعلیم اور امن چاہئے شہید نصراللہ خان کاکڑ نے بلوچستان کے پسے ہوئے طبقات کی خدمت کرتے ہوئے سودی نظام کیخلاف اعلان جنگ کیا جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ آنیوالی نسل ان کی خدمات کومدنظر رکھتے ہوئے ان کے مشن کو کامیاب بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کرینگے ‘ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر بسم اللہ خان کاکڑ‘ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ‘ پاکستان ورکرز پارٹی کے چیئرمین بلال خان کاکڑ‘عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رشید ناصر‘ پیر ہارون گیلانی‘ ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر مولانا عبدالمتین اخونذادہ‘ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء ملک فاروق مہترزئی‘ پاک سرزمین پارٹی کے صوبائی آرگنائز طارق ترین ‘ جماعت الدعوة کے حافظ محمد احمد ‘پاکستان تحریک انصاف کے نورخان کاکڑ‘ امیر حمزہ‘ثناء اللہ آغا‘عبدالفتح کاکڑ اور دیگر نے پاکستان ورکرز پارٹی کے زیر اہتمام شہید نصراللہ کاکڑ کی بارہویں برسی کے موقع پر سائنس کالج میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ مقررین نے کہاکہ نیک نام لوگ جب نیک کام کرتے ہیں تو اللہ اس کے ساتھ دیتا ہے نصراللہ خان کاکڑ نے اپنے دور میں ملک کی استحکام کے ساتھ پسے ہوئے عوام کی خدمت کرنے کیلئے سودی نظام کیخلاف اعلان جنگ کیا اور اس سلسلے میں انہیں مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہار ماننے کی بجائے آخر تک ڈٹے رہے اور عوام کے ساتھ ملکر جدوجہد کی ہے انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات بہتر بنانے کیلئے یہاں پر یکساں نظام ‘انصاف جبکہ اس خطے کو اسلحہ نہیں تعلیم اور امن کی ضرورت ہے اگر ہم اپنی تعلیم کو اپنائینگے تو ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ شہید نصراللہ خان کاکڑ کو ان کے قومی ‘سیاسی ‘سماجی ‘تعلیمی قیام امن پاکستان کی سلامتی ‘صوبے کے ترقی بلوچ پشتون اتحاد و یکجہتی کیلئے عظیم خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی ہمیشہ بدقسمتی رہی ہے کہ یہاں ہمیشہ اسی سیاست کو پروان چڑھایاگیا جس میں قومی تعصب اور علاقائی نفرت کو بنیاد بنایاگیا دہشت گردی کو پرموٹ کیاگیا مگر شہید نصراللہ خان نے ہمیشہ ملک اور عوام دشمن قوتوں کا نہ صرف مردانہ وار مقابلہ کیا بلکہ عوام کو عوامی جمہوری روایات سے روشناس کرایا انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے وفاقی حکومت اس منصوبے کو صرف ایک صوبے تک محدود نہ کریں بلکہ بلوچستان میں مغربی روٹ پر جلد کام کا آغاز کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام کی تحفظات میں کمی آئیں انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں بعض لوگ منفی حوالے سے سیاست کررہی ہے اس سے ترقی کرنے کی بجائے ہم ناکامی کی طرف جارہے ہیں ہم سب ملکر بزرگوں کی نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاست کو مفادات نہیں بلکہ علاقے کی مفاد کیلئے کرنا چاہئے انہوں نے کہاکہ اس وقت حق و سچ کا ہے اگر ہم نے سچ نہیں بولا تو ہم اپنے عوام سے غداری کررہے ہیں لیکن بعض لوگ انتخابات کے وقت جو نعرے لگاتے ہیں ان پر عمل نہیں کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارا صوبہ ترقی کی بجائے ناکامی کی طرف جارہی ہے اور اس وقت ہم تمام وسائل کے باوجود صوبے کو پسماندہ قراردیتے ہیں حالانکہ بلوچستان قدرتی ذخائر کے حوالے سے مالا مال صوبہ ہے اگر ہم اپنے ذخائر کو صحیح طریقے سے استعمال کریں تو ہم ترقی پذیر صوبوں میں شامل ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ خان نصراللہ خان شہید نے اس صوبے اور ملک کیلئے سیاست کی اس کا ایک نام تھا اور آج بھی لوگ اسے اچھے نام سے پکار کرتے ہیں ۔