احد چیمہ کو انکوائری کے بعد قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتارکیا گیا ‘ نیب کالاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل

احد چیمہ کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے ، سماعت 7مارچ تک ملتوی کر دی گئی

جمعرات 1 مارچ 2018 20:08

احد چیمہ کو انکوائری کے بعد قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتارکیا گیا ‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر قومی احتساب بیورو ( نیب )کی جانب سے جواب داخل کرا تے ہوئے کہا گیا ہے کہ احد چیمہ کے خلاف شکایات وصول ہوئیں ، انکوائری کے بعد قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتارکیا گیا ہے ، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے سات مارچ کو طلب کر لیا ۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست میں احد چیمہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے الزامات کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا اور شوکاز نوٹس دئیے بغیر گرفتار کیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران احد چیمہ کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتارکیا گیا،احد چیمہ کے خلاف نیب کو شکایات وصول ہوئیں اس کے بعد انکوائری کی گئی، ان کو ذاتی حیثیت میں کئی بار طلب کیا گیا تاہم نیب آفس میں جواب داخل نہ کروانے اور بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ احد چیمہ کواحتساب عدالت نے 5 مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے لہٰذا درخواست مسترد کی جائے۔جس پر فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت سات مارچ تک کر دی۔

متعلقہ عنوان :