نقیب اللہ محسود کے قاتل کی عدم گرفتاری پر گرینڈ جرگہ کا شدید تشویش کا اظہار

صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے قاتل رائو انور اور انکی ٹیم کے کارندوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ دو سو ارب روپے بھی دیئے جائیں تو بھی نقیب اللہ محسود کا خون معاف نہیں کر سکتا، والد کی پریس کانفرنس

جمعرات 1 مارچ 2018 20:02

نقیب اللہ محسود کے قاتل کی عدم گرفتاری پر گرینڈ جرگہ کا شدید تشویش کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) نقیب اللہ محسود کے قاتل کی عدم گرفتاری پر محمد خان کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور مرکزی حکومت قاتل رائو انور اور انکی ٹیم کے کارندوں کی گرفتاری کے عمل کو تیز تر بنائے ۔ بدھ کو گرینڈ جرگہ کے ارکان سیف الرحمان محسود، ملک ہاشم خان ، محمد خان اور عطاء محمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد دھرنے کے دوران کئے گئے وعدوں کی فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ، رائو انور کے جعلی پولیس مقابلوں کیخلاف بھتہ خوری اور لاپتہ کی جو درخواستیں کراچی پولیس حکام کو جمع کرائی گئیں آئی جی سندھ خود اس کی نگرانی کریں اور جلد از جلد درخواست گزاروں کو انصاف فراہم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

گرینڈ جرگے کے ارکان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نقیب شہید محسود کیس کی آئندہ پیشی پر رائو انور کی عدم گرفتاری کی صورت میں ملک گیر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا جائیگا ۔ گرینڈ جرگہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے جو بے گناہ ہیں انہیں رہا کیا یا عدالتوں میں پیش کیا جائے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان نے کہا کہ نقیب میرا بیٹا ہی نہیں پوری قوم کا بیٹا تھا۔

نقیب اللہ کا کیس قوم کے حوالہ کر دیاہے ۔ سپریم کورٹ سے مطمئن ہوں کیونکہ کے چیف جسٹس نے اس پر خود سوموٹو ایکشن لیا تھا۔محمد خان نے کہا کہ جنھوں نے ہمارے ساتھ احتجاج میں حصہ لیا وہ ابھی تک مطمئن نہیں کیونکہ ادارے ابھی تک راو انوار کو گرفتار نہیں کر سکے۔تمام ادارے قوم کی امانت ہیں کوئی بھی حیانت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نقیب اللہ کو ’’سن آف نیشن ‘‘کا خطاب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیس کروڑ عوام نے تصدیق کی ہے کہ نقیب سب کا ہیرو ہے۔انہوں نے کہا کہ نقیب محسود کے قاتل راؤ انوار اور ان کی ٹیم کی عدم گرفتاری سے عوام اور قوم میں بے چینی پھلا رہی ہے۔ راؤ انوار اور ان کی پوری ٹیم کو جلد گرفتار کیا جائے ۔ نقیب اللہ محسود کے والد نے کہا کہ نقیب کے قتل پر سودے بازی کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔نقیب کے قتل پر کوئی 2 سو ارب روپے کی آفر کرے تو بھی مسترد کروں گا۔ میرے بیٹے کے قتل پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہو رہی۔ مخالفین پراپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ نقیب کیس میں کوئی ڈیل کی جا رہی ہے۔ کوئی مجھے دو سو ارب روپے بھی دے تو میں نقیب اللہ کا خون معاف نہیں کر سکتا۔نقیب اللہ قوم بیٹا تھا ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھ صرف انصاف انصاف اور انصاف چاہیے۔

متعلقہ عنوان :