کوہاٹ ،سابق چپقلش پر 4 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دنے والے 4 ملزمان آلہ قتل سمیت گرفتار

جمعرات 1 مارچ 2018 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) کوہاٹ کے علاقہ نوے کلے میں سابقہ چپقلش پر چار افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔پولیس نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث چار ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان کو سراغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن کی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا ۔

کاروائی میں گرفتار ملزمان سے واردات میں استعمال ہونیوالے خود کار ہتھیار برآمد کرلئے گئے ہیں۔واقعے کا مقدمہ تھانہ چھائونی میں درج کرکے جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام کوہاٹ ہنگو روڈ کے نواحی علاقہ نوے کلے کے موضع اتحاد کالونی میں سابقہ چپقلش کی بناء پر چار مقامی باشندوں محمد بلال،محمد رئوف ،محمد شفیق اوراحسان اللہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

(جاری ہے)

واردات کے بعدملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال لائی گئیں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور انکی گرفتاری عمل میں لانے کا حکم دیدیا جس پر ڈی ایس پی سٹی رضا محمد اور ایس ایچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میںلیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کی آپریشنل ٹیموں نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث چار ملزمان محمد قاسم ولد شاہ زمان، ،اسرارولدنسیم،فاروق ولدناصر اورافغان مہاجر جان محمدولد گل زمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالے خود کار ہتھیار2کلاشنکوف،2پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

ادھر واقعے کا مقدمہ تھانہ چھائونی میںمقتول محمد شفیق کے بھائی عابد گل ولد غنچہ گل کی مدعیت میں سابقہ چپقلش کا شاخسانہ قرار دیکرزیر حراست نامزد ملزمان کے خلاف درج کرلیاگیا ہے جبکہ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے تحقیقات میں اہم ثابت ہونیوالے فارنزک شواہد قبضے میں لے لئے ہیںاور واقعے کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :