حکومت بالخصوص ریاضی اور سائنس کے میدان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسیع تر اقدامات کی ضرورت کا ادراک رکھتی ہے ،ْوزیر اعظم

جمعرات 1 مارچ 2018 19:53

حکومت بالخصوص ریاضی اور سائنس کے میدان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت بالخصوص ریاضی اور سائنس کے میدان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسیع تر اقدامات کی ضرورت کا ادراک رکھتی ہے۔وہ پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں ڈاکٹر نیلوفر ہلائی، مشرف زیدی، ڈاکٹر منظور سومرو، محترمہ ہما ضیاء، نمرا طارق، سلمان نوید خان، محترمہ لالہ رخ، عبدالرئوف، پرتاب شیوانی، جنید دھارم، ڈاکٹر فیصل خان اور محترمہ ندا بخاری شامل تھیں۔

وفد کے ارکان نے وزیراعظم کو طالب علموں میں سائنس اور ریاضیاتی علوم میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کی کلیدی ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعظم کو ملک بھر میں سائنس اور ریاضی کے شعبہ جات میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کئی تجاویز بھی پیش کیں۔ ان تجاویز میں سکولوں میں سائنس لیبارٹریز اور لائبریریز کا قیام، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے استحکام اور مشترکہ مفادات کونسل کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مقصد کو سیاسی حمایت فراہم کرنا شامل تھا۔

وزیراعظم نے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت بالخصوص ریاضی اور سائنس کے میدان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسیع تر اقدامات کی ضرورت کا ادراک رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ انسانی وسائل کو تعمیری انسانی اثاثہ میں تبدیل کرنے کیلئے نوجوان ذہنوں کو سائنسی اور تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تعلیم کا شعبہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو تفویض کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ اور اس شعبہ میں بعض کلیدی اقدامات کیلئے الائنس کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے ہر ممکنہ معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :