منحرف لیگی ارکان اسمبلی کا سینیٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ نشست پر (ن) لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی کی حمایت کا اعلان

تمام مسلم لیگی ایک ہیں،بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے درمیان (ن) ،(ق )لاہور یا گجرات نہیں ہے ہم نظریاتی طورپر ایک ہیں،میر سرفراز بگٹی وزیر داخلہ بلوچستان

جمعرات 1 مارچ 2018 19:47

منحرف لیگی ارکان اسمبلی کا سینیٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ نشست پر (ن) ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ن) کے منحرف ارکان اسمبلی نے سینیٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ نشست پر امیدوار مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی کی حمایت کا اعلان کردیا ۔صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ تمام مسلم لیگی ایک ہے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے درمیان (ن) ،(ق )لاہور یا گجرات نہیں ہے ہم نظریاتی طورپر ایک ہیں ۔

یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر طاہر محمود خان ،رکن صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی ،مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ اور سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ نشست پر امیدوار نصیب اللہ بازئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ ہم پرانے مسلم لیگی ہیں ہمارے درمیان کوئی تبدیلی نہیں ہے ہم صرف ان ہائوس تبدیلی لائے ہیں نہ کہ پارٹی سے باغی ہوئے ہیں نہ ہم نے فلور کراسنگ کی ہے نہ ہی فنانس بل پر مخالفت کرکے پارٹی سے بغاوت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری مرکزی قیادت قابل احترام ہے انہوں نے خود جمہوری فیصلے نہیں کئے پہلے مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان کے عوام نے مینڈیٹ دیا جس کے برعکس ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلی بنایا گیا پھر جب نواب ثناء اللہ خان زہری کو وزیراعلی بنایا گیا تب بھی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرتے وقت پارلیمانی پارٹی سے پوچھا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ہم خیال اراکین اسمبلی کے گروپ کے ترجیح اور حمایت یافتہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد ہم نے مسلم لیگی ہونے کے بناء پر نصیب اللہ بازئی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہم نے جو فیصلہ کرلیا ہے اس میں تبدیلی نہیں آئے گی اور اصولی طورپر ٹیکنوکریٹ نشست پر نصیب اللہ بازئی کو سپورٹ کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ تمام مسلم لیگی نظریاتی بنیادوں پر ایک ہے ہمارے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹیکنو کریٹ نشست پر امیدوار نصیب اللہ بازئی نے کہاکہ مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں انکا شکر گزارہوں ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے اور عزت ووقار بھی اسی بات میں ہے کہ ہم ایک دوسرے کا احترام کریں ۔انہوں نے کہاکہ منتخب ہونے کے بعد بھی مسلم لیگی گروپ ہی کا ساتھ دونگا اور انہی کیساتھ کھڑاہوں ۔

متعلقہ عنوان :