ائیر لیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل کی قیادت میں وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات

یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف ائیرلیگ سے محبت کرتے ہیں،محمد زبیر کی گفتگو

جمعرات 1 مارچ 2018 19:45

ائیر لیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل کی قیادت میں وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) ائیر لیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل کی قیادت میں ائیرلیگ کے وفد کی گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں ملاقات ۔ شمیم اکمل نے گفتگو کرتے ہوئے ائیرلیگ کے وفد کی جانب سے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی آئی اے میں ریفرنڈم بہت جلد متوقع ہے، کچھ شر پسند عناصر کی مسلسل کوشش ہے کہ پی آئی اے کا صنعتی امن تباہ کیا جائے ۔

انتظامیہ میں بیٹھی چند کالی بھیڑیں ائیرلیگ کے خلاف مسلسل منفی رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں اور وہ ایسی قوتوں کو پی آئی اے میں برسرِ اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں جنھوں نے ماضی میں پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا اور پی آئی اے کو بینک کرپسی کے دھانے تک پہنچایا ہے۔ اگر ایسے عناصر کو لگام نہ دی گئی تو ائیر لیگ خود ایسے مذموم مقاصد رکھنے والے عناصر کی سرکوبی کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے وفاقی وزیر نجکاری کی جانب سے مسلسل پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بیانات پر ملازمین کے تحفظات اور ان میں پائی جانے والی شدید بے چینی اور اضطراب سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔پی آئی اے ٹائون شپ کے مسائل سے بھی گورنر سندھ کو آگاہ کیا گیا اور گورنر سندھ کو پی آئی اے ٹائون شپ کے دورے کی دعوت بھی دی۔ گورنر سند ھ محمد زبیر نے ائیر لیگ کے دفد کو گورنر ہائوس آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ائیرلیگ بہت مشکل حالات میں کام کر رہی ہے اور ائیرلیگ نے ہمیشہ میاں نواز شریف کا پرچم تھامے رکھا ہے۔

اور یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف ائیرلیگ سے محبت کرتے ہیں گورنر سندھ نے ائیر لیگ کے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے ائیرلیگ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔ نجکاری کے حوالے سے دئے گئے بیانات پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے دو ٹوک موقف دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ممکن نہیں اور نہ ہی پی آئی اے کی نجکاری اس وقت ہو سکتی ہے ۔

انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز سے بات کریں گے کہ ایسے بیانات سے گریز کیا جائے ۔ جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی پلان بھی نہیں ہے اور یہ نا ممکن بھی ہے تو ایسے بیانات سے سیاسی مخالفین کو تو فائدہ ہو سکتا ہے مگر بحثیت سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کو اس سے کو ئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔ اس ضمن میں مزید گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی سے ان کی گفتگو ہوئی تھی اور وہ بھی نجکاری کے حامی نہیں ہیں بلکہ ان کا موقف بھی یہی ہے کہ پی آئی اے کی بحالی کے لئے اقدامات ہونے چاہیں۔

گورنر سندھ نے پی آئی اے ٹائون شپ کے مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کر وائی اور کہا کہ وہ جلد ہی پی آئی اے ٹائون شپ کا دورہ کریں گے۔