نہال ہاشمی کی نا اہلی سے خالی ہونیوالی سینیٹ نشست پر(ن) لیگ کے حمایت یافتہ ڈاکٹر اسد اشرف

کامیاب،پی ٹی آئی کو شکست مجموعی طو رپر 350ووٹ کاسٹ ہوئے،12مسترد ‘2 منسوخ ،اسد اشرف کو 298، مد مقابل ڈاکٹر زرقا نی38ووٹ حاصل کئے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آنے کے بعد لیگی اراکین اسمبلی کا جشن ، قیادت کے حق میں نعرے لگائے،اپوزیشن کے بھی مخالفا نہ نعرے

جمعرات 1 مارچ 2018 19:43

نہال ہاشمی کی نا اہلی سے خالی ہونیوالی سینیٹ نشست پر(ن) لیگ کے حمایت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق نہال ہاشمی کی نا اہلی سے خالی ہونے والی سینیٹ نشست مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف نے جیت لی ،فاتح امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف کو 298جبکہ ان کی مد مقابل پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے 38ووٹ حاصل کئے ،نتیجے سامنے آنے کے بعدلیگی اراکین اسمبلی نے جشن مناتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی ، پی ٹی آئی اراکین نے بھی مخالفانہ نعرے بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ صبح نو بجے سے سہ پہر چار بجے تک پنجاب اسمبلی میں جاری رہی ۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 368کے ایوان میں مجموعی طو رپر 350ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے (ن) لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف کو مجموعی طو رپر 309ووٹ ملے جن میں سے 11مسترد ہو گئے۔

(جاری ہے)

ان کی مد مقابل پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے مجموعی طور پر 39ووٹ حاصل کئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔

پی ٹی آئی کی اسمبلی میں مجموعی طو رپر 30نشستیں ہیں جبکہ اسے (ق) لیگ اور کچھ آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل تھی۔الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے 2 ووٹ منسوخ کر دئیے گئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی ایوان میں آکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ارشد خان لودھی علالت ، قدیر اعوان اورسرفراز افضل بیرون ملک ہوے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیںکر سکے تاہم تینوں اراکین کل تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آتے ہی (ن) لیگ کے اراکین نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میںبھرپور جشن منایا ،اراکین اپنی قیادت کے حق اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔لیگی اراکین شیر شیر ،شیر ایک واری فیر ، میاں تیرے جا نثار بے شمار بے شمار ، رو عمران رو، رو نیازی رو، نس نیازی شیر آیاکے نعرے لگاتے رہے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان اور ڈاکٹر اسد اشرف کی میڈیا سے گفتگو کے بعد اراکین اسمبلی نے ایک بار پھر نعرے بازی کی جس کے جواب میں اسمبلی کے احاطے میں موجود پی ٹی آئی کے اراکین نے بھی (ن) لیگ کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان اپنے اراکین اسمبلی کو اپنے ساتھ اندر لے گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر محمد شہباز شریف ، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سمیت دیگر نے ڈاکٹر اسد اشرف کو سینیٹ انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔