پاکستان اًمن پسند جمہوری ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ملکوں سے ایسے مثالی تعلقات کا خواہاں ہے جو باہمی احترام اور برابری کی سطح پر قائم ہو ں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

جمعرات 1 مارچ 2018 19:41

پاکستان اًمن پسند جمہوری ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ملکوں سے ایسے ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اًمن پسند جمہوری ملک ہے اور بڑے سے بڑے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ملکوں سے ایسے مثالی تعلقات کا خواہاں ہے جو باہمی احترام اور برابری کی سطح پر قائم ہو ں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے 26ویں سفارتی کورس میں شریک 22 ملکوں کے خارجی امور کے افسران سے خطاب کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

کورس میںشرکت کرنے والے افسران کا تعلق افغانستان ، آذربائیجان ، بیلا روس ، بلغاریہ ، ایران ، عراق ، مراکش ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک سے ہے ۔گورنر پنجا ب نے کہا کہ خطے کا استحکام یہاں موجود ممالک میں اًمن و استحکام سے منسلک ہے اور اس کے لیے ہم سب کو ایک دوسرے کی سالمیت اور خود مختاری کو تسلیم کرتے ہوئے مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ پرُاًمن تعلقات کو ترجیح دی ہے مگر بدقسمتی سے سرحد پار سے ہمیں اس کا مثبت جواب نہیں ملا ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کے واقعات اس کا عملی ثبوت ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے مگر مسلسل ناکام ہو رہا ہے - انہو ںنے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے لاتعدادقربانیا ںدیں ہیں جس کا پوری دنیا اعتراف کرتی ہے ۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ بعض عناصر پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں جن کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کے دورے پر ہیں اوریہاں آکر آپ نے خود محسوس کیا ہو گاکہ پاکستانی قوم پر امن اور محبت کرنے والی قوم ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ اپنے اپنے وطن میں پاکستان کے سفیر ہوں گے اور پاکستان کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر پنجاب نے ملک میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے موجودہ سیاسی قیادت کی طرف سے کیے جانے والے مائیکرو اور میکرواکنامکس اقدامات پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔اس موقع پر گورنر پنجاب سے مختلف ملکوں کے افسران نے سوالات بھی کیے اور افسران نے اس بات کا برملا اعتراف کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی جنگ میں ہر پاکستانی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہو ںنے جوانمردی اور بلندحوصلے سے اس کا مقابلہ کیا اور کر رہے ہیں۔

خارجی امور کے افسران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو زبردست انداز میں سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی کو ئی حیثیت نہیں کیونکہ عالمی امن کے قیام میں پاکستان کا کردار واضح ہے اور پاکستانی عوام محبت کرنے والی پرامن قوم ہے ۔