پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان، انڈیکس 270.94 پوائنٹس کے اضافے سے 43510.39 پوائنٹس پر بند

جمعرات 1 مارچ 2018 18:09

کراچی ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 270.94 پوائنٹس کے اضافے سے 43510.39 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 22 ارب 32 کروڑ 50 لاکھ 88 ہزار 823 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 3 ارب 17 کروڑ 81 لاکھ 90 ہزار 537 روپے کی تیزی رونماء ہوئی۔

اسی طرح خرید و فروخت میں 6 کروڑ 5 لاکھ 85 ہزار 840 حصص کا اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 43300، 43400 اور 43500 پوائنٹس کی تین بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 270.94 پوائنٹس کے اضافے سے 43510.39 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 178.27 پوائنٹس کی تیزی سے 21934.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 79.65 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 781.95 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ مزیربرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 13.94 پوائنٹس کے اضافے سے 17015.45 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 89.03 پوائنٹس کی کمی سے 20029.38 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 157.33 پوائنٹس کے اضافے سے 21495.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 378 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 229 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 125 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 24 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں ہوئی جو 95.07 روپے کے اضافے سے 1996.59 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح سانوفیل ایونٹس کے حصص کی سودے بھی 36.64 روپے کی تیزی سے 1540 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی باٹا (پاک) اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ باٹا (پاک) کے حصص کی قیمت 139.60 روپے کی مندی سے 2760 روپے اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت بھی 110.28 روپے کی کمی سے 2100.10 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار لوٹ کیمیکل کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 14 لاکھ 18 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 8.90 روپے سے شروع ہو کر 8.93 روپے پر بند ہوئی جبکہ ڈی جی خان سیمنٹ کے 1 کروڑ 8 لاکھ 56 ہزار 700 حصص کے سودے 143.75 روپے سے شروع ہو کر 149.51 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 21 کروڑ 19 لاکھ 46 ہزار 970 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 10 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ 2 ہزار 163 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 90 کھرب 23 ارب 58 کروڑ 10 لاکھ 60 ہزار 60 روپے سے بڑھ کر 90 کھرب 45 ارب 90 کروڑ 61 لاکھ 48 ہزار 883 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 132 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 16 کمپنی کے حصص کی قیمت میں مندی اور 2 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 4 کروڑ 88 لاکھ 52 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔