جنگلات کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جدید فاریسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کاآغاز

سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے جنگلات کے گھنے پن کا اندازہ لگایا اوراراضی کی حد بندی بھی کی جاسکے گی ‘ وحیدالدین سسٹم سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور درست حقائق کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی کاحامل ڈرون بھی حاصل کرلیا ‘صوبائی سیکرٹری جنگلات

جمعرات 1 مارچ 2018 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) صوبائی سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری میاں وحید الدین نے کہا ہے کہ 75ملین روپے کی لاگت سے تیار کیے جانیوالے فاریسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ما نیٹرنگ ،ایویلیوایشن اور پلاننگ کے نظام کو جدید خطوط پراستوار کرنے میںمددملے گی اوریہ سسٹم دیگرصوبوں کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگا۔

اس سسٹم کے ذریعے غلطیوں سے پاک ڈیٹا اکٹھا کرناممکن ہوگا ۔ محکمہ وائلڈلا ئف اینڈپارکس اورماہی پروری بھی اس جدیدسسٹم سے استفادہ کریں ۔انہوں نے یہ بات راوی روڈ پرجیوگرافک انفارمیشن سسٹم لیبارٹری میں فاریسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر چیف پلاننگ ، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن عبدالباسط ،کنزرویٹرفاریسٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ ورکنگ پلان فیصل ہارون، کنزرویٹر فاریسٹ سنٹرل زون عبدل مقیط خان، منیجر جی آئی ایس لیب شاہدعمران اورریسرچ آفیسرعقیلہ مبین کے علاوہ دیگرافسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیو گرافک انفارمیشن سسٹم کے تحت فاریسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اوراس کے ذریعے سیٹلا ئٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے جنگلات کی اراضی کی نہ صرف حد بندی کرنا ممکن ہوگا بلکہ موجودہ جنگلات کے کورڈ ایریاز ،خالی جگہوں اور غیر متعلقہ لوگوں کے زیر قبضہ جگہوں کی نشاندہی کرنا بھی ممکن ہوگا ۔ میاں وحیدالدین کو بتایاگیاکہ اس سسٹم کے ذریعے محکمہ جنگلات کے تمام ریکارڈاور دفاتر سے موصول ہونیوالی سالانہ و ماہانہ رپورٹس کی پڑتال کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام ریکارڈ کا ڈیجیٹل ڈیٹا بینک تیار کیا جارہاہے جس سے فنڈز کے استعمال کے عمل میں شفافیت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل و سرکل دفاتر کو بھی مرکز ی ڈیٹا سنٹر سے منسلک کردیاجائیگا۔ صوبائی سیکرٹری کو بتایاگیاکہ محکمہ کے 500سے زائد افسران کو جیوگرافک انفارمیشن سسٹم اور ریموٹ سینسنگ (Sensing) کی تربیت دی جاچکی ہے جبکہ تربیت کے دائرہ کو مزیدوسیع کیاجارہاہے ۔

میاں وحید الدین نے کہا کہ اس جدید سسٹم کے ذریعے جنگلات کے گھنے پن اور درختوں کی تعداد کو جانچنا بھی ممکن ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہاکہ فاریسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے درست حقائق کے حصول کیلئے 40لاکھ روپے مالیت کاایک خاص ڈرون بھی خریدا گیا ہے جس کو کسی رہنمائی کی ضرورت نہیں اس میں موجود انٹیلی جنس سسٹم درپیش حالات واقعات کے مطابق خود کارطریقے سے فیصلہ کرنے کی اہلیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جدیدآلات کے ذریعے جنگلات کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کی ایپلی کیشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جارہاہے اوراس سلسلہ میں راولپنڈی اور ملتان میں ایک (Node)بنایا جارہاہے اور اس سلسلہ میں تمام مشینری خریدی جا چکی ہے اور بلڈنگز کی تعمیر مکمل ہوتے ہی مشینری نصب کرکے اسے بھی مرکزی سسٹم کے ساتھ منسلک کردیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :