حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام آدمی اور کاروباری طبقے کیلئے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں ، غضنفر بلور

مہنگائی کی نئی لہر سے عوام کی قوت خرید کم ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوں گی ،حکومت کاروبار اور عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے، صدر ایف پی سی سی آئی

جمعرات 1 مارچ 2018 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی)کے صدر غضنفر بلور نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام آدمی اور کاروباری طبقے کیلئے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں کیونکہ اس سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی اور عوام کی قوت خرید کم ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوں گی لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاروبار اور عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔

ان خیالات کا اظہار صدر ایف پی سی سی آئی غضنفر بلور نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس ،راولپنڈی چیمبر آف کامرس ،گوجرنوالہ چیمبر آف کامرس،گجرات چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

غضنفر بلور نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرنے کی بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں پر نظر ثانی کرے بہتر یہ تھا کہ حکومت اس کا سارا بوجھ عوام اور کاروباری طبقے کو منتقل کرنے کی بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور سرچارجز کو کم کرتی ۔

حکو مت کے اس فیصلے سے برآمدات بھی مزیدمہنگی ہو ں گی جس سے عالمی مارکیٹ میں ہماری برآمدات مزید متاثر ہوں گی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے کاروبار کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ پیداواری سرگرمیاں مہنگی ہوں گی او ر خام و تجارتی مال کی ترسیل کیلئے ٹرانسپورٹ کی قیمت بھی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے صنعتی شعبے کی کارکردگی فوری متاثر ہو گی کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات بعض صنعتوں کیلئے اہم خام مال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ملک کا تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھ رہا ہے، ہماری برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے اور ملکی قرضوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں حکومت کو چاہیے تھا کہ و ہ ملک میں کاروبار کی لاگت کو کم کرنے پر زیادہ توجہ دیتی لیکن پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافہ حکومت کی ان تمام کوششوں کو متاثر کرے گا جو وہ کاروبار اور برآمدات کی بحالی کیلئے کر رہی ہے ان تمام مشکلات سے بچنے کا بہتر حل یہی ہے کہ حکومت ایسے فیصلے کرنے سے گریز کرے۔

انہوںنے کہا کہ عوام اور کاروباری طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کرے اور صنعت و تجارت کومزید نقصان سے بچانے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔

متعلقہ عنوان :