حکومت پیپر کنورٹرز اور کوروگیٹڈ کارٹن مینوفیکچررز کے مسائل جلد حل کرے‘ملک طاہر جاوید

جمعرات 1 مارچ 2018 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پیپر کنورٹرز اور کوروگیٹڈ کارٹن مینوفیکچررز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ خام مال کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہ شعبہ شدید مشکلات سے دوچار اور بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ عدنان خالد بٹ کی سربراہی میں کوروگیٹڈ کارٹن مینوفیکچررز کے وفد سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس وقت انڈسٹری کو حکومت کی سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ یہ برآمدات کے فروغ اور تجارتی خسارہ میں کمی جیسے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرسکے۔

عدنان خالد بٹ نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید کو آگاہ کیا کہ خام مال کی قیمتوں میں 20فیصد سے زائد اضافے بجلی و گیس کے زیادہ ٹیرف نے پیپر کنورٹرز اور کوروگیٹڈ کارٹن مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیے بقا کی جنگ لڑنا مشکل کردیا ہے، ویسٹ پیپر کی درآمدی قیمت بڑھنے سے امپورٹ بھی کم ہوگئی ہے ، اس تمام بحران کی وجہ سے ڈیمانڈ اور سپلائی میں بھی فرق آیا ہے جس کی وجہ سے بہت سی فیکٹریاں بند ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ یہ صورتحال تشویشناک ہے، صنعتیں بند ہونے سے حکومت کے محاصل کم اور بے روزگاری بڑھے گی جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے پیپر کنورٹرز اور کوروگیٹڈ مینوفیکچررز کے مسائل فوری طور پر حل کرے۔