پاکستان جلد اٹلی کے ٹاپ ٹین تجارتی حصے داروں میں شامل ہوجائیگا ‘سفیر

جمعرات 1 مارچ 2018 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹ کروو نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور سابق عہدیداروں سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان جلد ہی اٹلی کے پہلے دس بڑے تجارتی حصے داروں میں شامل ہوجائے گا۔

دونوں ممالک کے تاجروں کو باہمی تجارت نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماربل، پاک اٹلی ٹریڈ کے کنوینر چودھری خادم حسین، اویس سعید پراچہ، میاں محمد نوا: طاہر منظور چودھری، ادیب اقبال شیخ، تہمینہ سعید چودھری، شاہد نذیر، شاہ رخ جمال ، شیخ ظفر اقبال اور محمد چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اٹلی کے سفیر نے کہا کہ توانائی، سٹیل، کیمیکلز، مائننگ اور دیگر بہت سے شعبوں سے تعلق رکھنے والی مزید اٹالین کمپنیاں پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں، پاکستان کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں اٹلی کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اٹلی سو فیصد توانائی متبادل ذرائع سے پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفد کے تبادلے اور نمائشوں و میلوں میں حصہ لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ اٹلی یورپ میں پاکستان کا اہم حصے داراور درآمدات و برآمدات کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے، اطمینان بخش بات یہ ہے کہ تجارت کا حجم پاکستان کے حق میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اٹلی کو بڑی برآمدات میں بیڈ لینن، وون فیبرک، لیدر آئٹمز، چاول،فٹ ویئر اور کپاس وغیرہ برآمدت جبکہ فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، مشینری، اور پلاسٹک وغیرہ درآمد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی جانب سے پاکستان کے فیشن اور ماربل سیکٹرز میں دلچسپی لینا خوش آئند ہے، اگر اٹلی ٹیکنالوجی کے حصول میں پاکستان کی مدد کرے تو یہ شعبے تیزی سے ترقی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معلومات کا تبادلہ بھی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :