میٹرو سٹیشنوں کو قریب واقع تاریخی عمارتوں کے طرز تعمیر سے ہم آہنگ کیا جائے گا ‘خواجہ احمد حسان

شالامار سٹیشن کے داخلی راستے پر باغ کے تختہ کے نمونے کی تعمیر شروع کر دی گئی ‘دیواروں اور فرش پر بھی نقش و نگار کئے جائینگے

جمعرات 1 مارچ 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیر کئے جانے والے میٹرو ٹرین کے سٹیشنوںکی تاریخی عمارتوں کے ساتھ مطابقت پیدا کی جائے گی اور سٹیشنو ںکی جد ید تعمیر کو ثقافتی ورثے سے ہم آہنگ کیا جائے گا - اس مقصد کے لئے سٹیشنوں کے فرش اور دیواروں وغیرہ پر نقش و نگار بنائے جائیں گے ‘جگہ کی دستیابی کی صورت میں ان عمارتوں کی طرز پر چھوٹی محرابیں‘ جھروکے اور جالیاں تعمیر کی جائیں گی اور ان کے ارد گرد ماحول کو خوبصورت بنانے کے لئے قدیم باغات کے نمونے پر ہارٹی کلچر کا کام کیا جائے گا -اس کام کے لئے تجاویز تیا رکر کے منظوری کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی آف ایکسپرٹس کے حوالے کر دی گئی ہیں-وہ گزشتہ روز کمیٹی آف ایکسپرٹس کے ارکان سے ملاقات اور محمود بوٹی سٹیشن کے معائنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے -خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ منصوبے کے تحت شالامار سٹیشن ‘ گلابی باغ کے قریب یو ا ی ٹی سٹیشن ‘ چوبرجی سٹیشن اور مقبرہ زیب النساء کے قریب سمن آبا دسٹیشن کی قریب واقع عمارتوں کی طرز پر تزئین و آرائش کی جائے گی -شالا مار باغ سٹیشن کے داخلی راستے پر شالامار باغ کے اندر تعمیر شدہ تین تاریخی تختوں کے نمونے پر پویلین کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے -اس کے علاوہ جی ٹی روڈ پر واقع باغ کے مرکزی دروازے کے سامنے واقع مکانات اور دکانوں کے فرنٹ بھی خوبصورت بنائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے بعد ازاں جی ٹی روڈ پر تعمیر کئے جانے والے محمود بوٹی سٹیشن کا بھی دورہ کیا -اس موقع پر کمیٹی آف ایکسپرٹس کے ارکان ‘ سیکرٹری اوقاف پنجاب چوہدری اعجاز‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان ‘سینئر جج ناصر علی شاہ ‘پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس مصطفی جعفری ‘ آرکیٹکٹ خالد رحمن ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :