مقبوضہ کشمیر: لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم کا سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 1 مارچ 2018 13:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم (ای پی ڈی پی)نے بھارتی فورسز کی زیر حراست لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے پریس کالونی سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڑز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برسہا برس سے لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مدت سے اپنے لاپتہ پیاروں کی گھروں کو واپسی کے منتظر ہیںلیکن انہیں کچھ نہیں بتایا جا رہا کہ وہ کہاں او ر کس حال میں ہیں۔ مظاہرین میں زیادہ تعداد خواتین کی تھیں اور انہوں نے اس موقع پر ’’جبر گمشدگیاں بند کرو‘‘ِ ،’’ہمیں اپنے گمشدہ پیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرو‘‘جیسے نعرے لگائے۔ اے پی ڈی پی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ یاد رہے کہ قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں آٹھ ہزار سے زائد افراد لاپتہ کر دیے ہیں۔