نوازشریف کو ضمنی ریفرنسزکی سماعت میں وقفے کے بعد دوبارہ حاضری سے استثنیٰ

جمعرات 1 مارچ 2018 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز پر سماعت میں وقفے کے بعد نواز شریف دوبارہ حاضری سے استثنا دے دیا گیا۔ جمعرات کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم کے خلاف ضمنی ریفرنسز پر سماعت کا آغاز کیا تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث سماعت میں ساڑھے 11 بجے تک کا وقفہ کردیا گیا۔

خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد نے بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، آٹھ گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وقفے کے بعد کی حاضری سے نواز شریف کو استثنیٰ دیا جائے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی ان کا کہنا تھا کہ یہ قانونی تقاضا ہے کہ گواہوں کے بیانات کے موقع پر ملزم موجود ہو۔

تاہم احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو دوبارہ حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز پر سماعت احتساب عدالت میںہورہی ہے ۔ عدالت نے دونوں ریفرنسز میں مجموعی طور پر 8 گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں آف شور کمپنیوں جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز کی تشکیل کے حوالے سے دستاویزی شواہد کو ضمنی ریفرنسز کا حصہ بنایا گیا ہے۔دونوں ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کے ساتھ حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جو عدم حاضری کے باعث پہلے ہی اشتہاری ہیں۔