ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حیات آبادسپورٹس کمپلیکس میں کھلی کچہری کاانعقاد

جمعرات 1 مارچ 2018 12:00

پشاور۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء)ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنرپشاوراسلام زیب کی ہدایت پر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا،جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان،علاقہ مجسٹریٹ سارہ تواب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عرفان علی، اسسٹنٹ کمشنر یوٹی فرقان اشرف،ایس پی ٹریفک امیر محمد خان، پی ڈی اے کے افسران اور ماتحت محکموں کے افسران سمیت عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران سمیت دیگر افراد اور ڈی سی رضا کار فورس کے ارکان نے شرکت کی۔

اس موقع پر عوام نے مسائل کے انبارلگادئیے ۔انہوں نے کہاکہ حیات آباد کے رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں ان کو بند کیا جا ئے جس میں غیر قانونی ہاسٹل سر فہرست ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حیات آباد میں چرس اور دیگر منشیات فروخت ہو رہی ہے جس سے نئی نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے اس کی سدباب کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حیات آباد میں پرائیویٹ سکولوں کی فیس بہت زیادہ ہے اور گرمیوں کی چھٹیوں میں ٹرانسپورٹ کی فیس بھی لی جاتی ہے جبکہ کورٹ آرڈر کے مطابق اگر ایک سکول میں تین بہن بھائی ہوں تو دیگر کی فیسوں میں رعائت ہو گی لیکن حیات آباد سمیت پشاور کے دیگر سکولوں میں اس پر عمل درآمد نہیں کیا جا تا۔

کھلی کچہر ی میں مطالبہ کیا گیا کہ حیات آباد کی سڑکوں کو گلیوں میں سٹریٹ سائن لگائیں جائیں تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے گیٹ کے باہر ٹیکسیاں کھڑی ہوتی ہیں جس کہ وجہ سے ایمبولینس کو بھی آنے میں سخت دشواری کا سامنا ہو تا ہے اور اکثر روڈ جام رہتا ہے اس کے سد و باب کے لیے گیٹ کے باہر ٹیکسی پر پا بندی لگائی جا ئے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے حیات آباد کے کرکٹ گرائونڈ اور دیگر میں داخلہ مفت تھا اور اب پی ڈی اے اس کی فیس لے رہی ہے جو کہ بہت زیادہ ہے ۔ حیات آباد کے نوجوانوں کے لیے فیس ختم کی جا ئے تا کہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔انھوں نے کہا کہ ریڑیوں پر سبزیاں فروخت کر نے والوں کے پا س لا ئوڈ سپیکر ہیں جس کی وجہ سے لوگو ں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ان لا ئوڈسپیکر استعمال کر نے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میںافسران سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے تحریری درخواستیں بھی دیں جس پرمو قع پر ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے درخواست کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کارروائی کے بارے میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔