Live Updates

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسزمیں نوازشریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور‘ عمران خان کے گھر کے جعلی سرٹیفکیٹ پر کسی نتیجے پر پہنچ کر بات کروں گا، تصدیق کیے بغیر بات کرنے والا نہیں ہوں۔نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 مارچ 2018 11:24

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسزمیں نوازشریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم مارچ۔2018ء) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ بنی گالا میں عمران خان کے گھر کے جعلی سرٹیفکیٹ کے بارے میں کسی نتیجے پر پہنچ کر بات کروں گا، تصدیق کیے بغیر بات کرنے والا نہیں ہوں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مجھ میں اور عمران خان میں بہت فرق ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ کل سے عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کا اشو چل رہا ہے، میں عمران خان نہیں کہ کسی بھی بات پر بولنا شروع کردوں۔انہوں نے کہا کہ میں بہتان تراشی، جھوٹ اور الزامات کی بارش کرنے والا آدمی نہیں اور یہی فرق مجھ میں اور عمران خان میں ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنے وکلا اور دیگر سے عمران خان کی اراضی سے متعلق جعلی دستاویزات کی خبروں کا جائزہ لے رہا ہوں، اس متعلق حقائق سامنے آئیں گے تو بات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بابر اعوان پہلے اس گھر کو غیر قانونی کہتے تھے اور آج ان کے وکیل ہیں، اب دیکھتے ہیں کہ بابر اعوان کس کے وکیل ہوں گے۔ حتمی مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے اس سلسلہ میں مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز پر سماعت میں وقفہ کردیا گیا ہے جبکہ نواز شریف کو وقفے کے بعد دوبارہ حاضری سے استثنا دے دیا گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم کے خلاف ضمنی ریفرنسز پر سماعت کا آغاز کیا تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد نے بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، آج 8 گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وقفے کے بعد کی حاضری سے نواز شریف کو استثنا دیا جائے۔

پراسیکیوٹر نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست کی مخالفت کی اور کہاکہ یہ قانونی تقاضا ہے کہ گواہوں کے بیانات کے موقع پر ملزم موجود ہو۔تاہم احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو دوبارہ حاضری سے استثنا دے دیا۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز پر سماعت احتساب عدالت میں ہورہی ہے۔

عدالت نے دونوں ریفرنسز میں مجموعی طور پر 8 گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں آف شور کمپنیوں جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز کی تشکیل کے حوالے سے دستاویزی شواہد کو ضمنی ریفرنسز کا حصہ بنایا گیا ہے۔دونوں ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کے ساتھ حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جو عدم حاضری کے باعث پہلے ہی اشتہاری ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات