اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 مارچ 2018 00:28

اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28فروری2018ئ) پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں ایک اور کامیابی سمیٹ لی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تین وکٹیں گرگئیں۔پہلے آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین شین واٹسن تھے اسٹیون فن کی گیند پر رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد عمر امین کو محمد سمیع نے بولڈ کردیا جبکہ اسد شفیق بھی برا شاٹ کھیل کر فن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔کیون پیٹرسن نے 48رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ،وہ سٹیون فن کا شکار بنے ۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 134 رنز ہی سکور کر پائی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باﺅلرز اننگز کی شروعات سے ہی میچ پر حاوی تھے اور شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے پہلے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز چیڈوک والٹن تھے جو انور علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔آصف علی بھی کریز پر زیادہ عرصہ قیام نہ کرسکے اور راحت علی کی شاندار گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔تیسرے آﺅٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو حسان خان کی گیند پر 43 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر کلین بولڈ ہوگئے۔اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کررہے جے پی ڈومنی بھی متاثر کرنے میں ناکام رہے اور 26 گیندوں پر 14 رنز بناکر جان ہیسٹنگز کی بال پر آﺅٹ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق 22رنز بنانے کے بعد شین واٹسن کا شکار بنے۔فہیم اشرف نے 19ویں اوور میں واٹسن کو2چھکے رسید کیے تاہم21رنز بنا کررن آﺅٹ ہوگئے،اسلام آباد نے مقررہ اوور ز میں 7وکٹیں کھو کر134رنز سکور کیے ، کوئٹہ کیلئے حسان خان ، انور علی ، راحت علی ، واٹسن اور ہیسٹنگز نے ایک ، ایک وکٹ لی۔اس سے قبل کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دوتبدیلیاں کی گئی ہیں، جان ہسٹنگز اور محمود اللہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جوفرا آرچر اور رائلی روسو پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے۔پچھلے 2میچوں میں انجری کے باعث عدم شرکت کے بعد مصباح الحق اسلام آباد کی قیادت کررہے ہیں۔