وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس،اسلام آباد میں قانون کرایہ داری پر نظرثانی کیلئے بیرسٹر ظفراللہ خان، سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ شراکتداروں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ،مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک وزارت مذہبی امور کے سینئر جائنٹ سیکرٹری محمد اشرف لنجار کو متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کا اضافی چارج دینے کی بھی منظوری

بدھ 28 فروری 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا، کابینہ نے کچھی کینال منصوبے میں کرپشن کے الزامات کے حوالے سے انکوائری رپورٹ پر غور کیا۔ رپورٹ کے نتائج پر عملدرآمد کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد میں قانون کرایہ داری 2001ء کی زون فائیو تک عملداری کی منظوری دے دی گئی اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس قانون پر نظرثانی کرے ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ یہ کیس کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے تاکہ اس کی عملداری کو اسلام آباد کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے۔

قانون کرایہ داری پر نظرثانی کیلئے بیرسٹر ظفراللہ خان، سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ شراکتداروں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کابینہ کے اجلاس میں مخصوص حلقوں کیلئے قومی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ سی این آئی سی کی قیمت کو اعتدال میں رکھنے کیلئے تجاویز پر نظرثانی کی جائے۔

اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے عالیہ نیلم کو خصوصی اپیلٹ کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کیلئے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی گئی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اس قانون کی تشکیل کیلئے کام تیزکیا جائے۔ مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک کابینہ نے وزارت مذہبی امور کے سینئر جائنٹ سیکرٹری محمد اشرف لنجار کو متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔

سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے اجلاس کو حج 2018ء کے انتظامات کی منظوری دی۔ کابینہ نے حج 2018ء کیلئے پچاس فیصد کوٹہ پر جلدازجلد قرعہ اندازی کرنے کی منظوری دی ۔ کابینہ نے وزارت کو ہدایت کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو گزارش کی جائے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی زیرالتواء پٹیشنز کی قانونی حیثیت کو جلد ازجلد حتمی کیا جائے۔ اجلاس میں میرحاصل خان بزنجو کی سربراہی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نام کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ نئے ایئرپورٹ کا نام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوگا۔

کابینہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بطور ایئرپورٹ اعلان کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کے اجلاس میں ایس اے منان کو پاکستان سٹیٹ آئل کے بورڈ آف مینجمنٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔