تعلیمی معیار کو کیسے یقینی بنایا جائے، کالج ایجوکیشن کی جانب سے قلعہ کوٹڈیجی میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

بدھ 28 فروری 2018 23:20

سکھر۔28فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) ڈائریکٹر کالجز سکھر ریجن کے زیر اہتمام کوٹڈیجی میں تعلیمی معیار کو کیسے یقینی بنایا جائے کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا ، جس میں کراچی سمیت سندھ بھرکے چھ ریجنزکے ڈائریکٹرز ،پروفیسرز ،تعلیمی ماہرین محققین اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ڈاکٹر پرویز احمد سیھڑ تھے۔

سیمینار میں معیاری تعلیم کے مقصد کے حصول کے لئے ہونیوالے گروپس مباحثہ کے سلسلے میں اساتذہ اور ماہرین کے مختلف گروپس بنائے گئے۔ ڈسکشن گروپس نے اپنی تجاویز میں کہا کہ تمام اداروں ، افراد ، اساتذہ ، تعلیمی سربراہان، والدین اور دیگر نگران ممبرز کو چاہئے کہ جانچ پڑتال کرنے والے اداروں کے مابین رابطے کو یقینی بنائیں جبکہ طلباء اور طالبات کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے تاکہ ان کے لئے منزل کا حصول ممکن ہو سکے ، گروپس مقررین نے موجودہ نظام تعلیم کے جانچ پڑتال کے عمل کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظام کو موجودہ حالات سے مطابقت پید ا کرنے اور اس میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے مقررین کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو صرف کتاب اور نصاب مکمل کرنے پر توجہ دینے کے بجائے بچوںمیں قائدانہ صلاحیتیں بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک گروپ کا کہنا تھا کہ دور جدید کے حوالے سے تعلیمی ٹیکنالوجی سے بھی مستفید ہونے کی ضرورت ہے ، اساتذہ کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بین الاقوامی طریقہ تدریس سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر تربیت دینا وقت کی اشد ضرورت ہے جبکہ نصاب کو دور جدید کے تقاضوں سے روشناس کرانا ہو گا بصورت دیگر ہم دنیا سے صدیوں پیچھے رہ جائیں گے ۔ بعد ازاں سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ڈاکٹر پرویز احمد سیہڑ نے مستقبل میں بھی ایسے سیمینارز کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار میں پیش کردہ تعلیمی ماہرین کی تجاویز صوبائی وزارت تعلیم کو بھیجی جائیں گی اور ان تجاویز کو آئندہ تعلیمی سال اورپالیسی میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی جائے گی ۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز سکھر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری اندھڑ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیسر مشتاق احمد چنہ ،پروفیسر شاہنواز جویو، پروفیسر سائیں رکھیو سوہندڑو، پروفیسر مشتاق احمد چنڈ، پرفیسر محمد حیات بھٹی، پروفیسر سید وفا شاہ، ضمیر حسین سیلرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔