میری کوشش ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ہی ڈیلی ویجز ملازمین کا مسئلہ حل ہو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

بدھ 28 فروری 2018 22:14

میری کوشش ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ہی ڈیلی ویجز ملازمین کا مسئلہ حل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ہی میرے ہاتھ سے ہی ڈیلی ویجز ملازمین کا مسئلہ حل ہو، حکومتی وزیر ہونے کے باوجود ہمیشہ ڈیلی ویجز ملازمین کی آواز بننے کی کوشش کی، آئندہ دو ہفتوں میں اس مسئلہ کو کچھ حد تک حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو وفاقی نظامت تعلیمات میں ہڑتالی اساتذہ سے مذاکرات کے بعد قائم مقام کمشنر مشتاق احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ڈیلی ویجز اساتذہ کا مسئلہ ورثہ میں ملا ہے، یہ مسئلہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سو کے قریب ڈیلی ویجز ملازمین ہیں، حکومتی وزیر ہونے کے باوجود ہمیشہ ڈیلی ویجز ملازمین کی آواز بننے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری ہمدردی ان ملازمین کے ساتھ ہے، میری کوشش ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ہی میرے ہاتھوں سے ڈیلی ویجز ملازمین کا مسئلہ حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں اس مسئلہ کو کچھ حد تک حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ اساتذہ کے نمائندوں سے امید رکھتے ہیں کہ وہ دھرنا ختم کریں گے۔ ڈیلی ویجز اساتذہ کے نمائندوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15روز تک کوئی سڑک بند نہیں کریں گے اور وفاقی نظامت تعلیمات کے سامنے سے دھرنا ختم کرتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ 15 روز وہ پریس کلب کے باہر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

15 روز تک اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پھر احتجاج ہو گا۔ قبل ازیں 55 روز سے وفاقی نظامت تعلیمات کے سامنے جاری اساتذہ کے دھرنے کے شرکاء جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اساتذہ کی بھی موجود تھی، کشمیر ہائی وے پر آ گئی اور سڑک کو بلاک کر دیا۔

متعلقہ عنوان :