حکومت نے مارچ 2018ء کیلئے مختلف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دیدی

بدھ 28 فروری 2018 22:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) حکومت نے مارچ 2018ء کیلئے مختلف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دیدی۔ بدھ کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 56 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا، پٹرول کی فی لٹر قیمت 84.51 روپے فی لٹر سے بڑھ کر نئی قیمت 88 روپے 7 پیسے فی لٹر ہو گی جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 62 پیسے فی لٹر اضافہ کے ساتھ 98 روپے 45 پیسے فی لٹر ہو گی۔

(جاری ہے)

مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 28 پیسے فی لٹر اضافہ کے ساتھ 76 روپے 46 پیسے فی لٹر ہو گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت ایک روپے فی لٹر اضافہ کے ساتھ 65 روپے 30 پیسے فی لٹر ہو گی۔ اوگرا اور وزارت توانائی نے ان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجاویز دی تھیں اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 6 روپے 94 پیسے اضافہ کی تجویز دی تھی تاہم ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 2.62 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے تاکہ عام شہری کو اس کا فائدہ دیا جا سکے، اب ڈیزل کی نئی قیمت 98.45 روپے فی لٹر ہو گی۔ نئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق یکم مارچ 2018ء سے ہو گا۔