Live Updates

عمران خان کی بنی گالہ رہائش سے متعلق اہم انکشافات پر مبنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کی رہائش گاہ کے این او سی کو جعلی قرار دیا گیا ہے

بدھ 28 فروری 2018 22:11

عمران خان کی بنی گالہ رہائش سے متعلق اہم انکشافات پر مبنی رپورٹ سپریم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2018ء) اسلام آباد کی انتظامیہ نے عمران خان کی بنی گالہ رہائش سے متعلق اہم انکشافات پر مبنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ،جس میں عمران خان کی رہائش گا کے این او سی کو جعلی قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ کے ماحولیاتی مسائل پر ازخود نوٹس کیس میں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گا سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا تھا ، اس پر بدھ کے روز اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو رپورٹ جمع کرادی ہے، اس کے مطابق سابق سیکرٹری یونین کونسل محمد عمر نے عمران خان کے گھر کا سال 2003ء والا این او سی جعلی قرار دیا ہے ، سیکریٹری کے مطابق جو این او سی پیش کیا گیا وہ کمپیوٹر سے تحریری کردہ ہے جبکہ 2003ء میں یونین کونسل کا تمام ریکارڈ ہاتھ سے تحریر ہوتا تھا ، اس دور میں عمران خان سے گھر کا تعمیراتی نقشہ مانگا گیا تھا جو کبھی فراہم نہیں کیا گیا ،اراضی خرید سے متعلق محکمہ مال نے لکھاہے کہ سال 2002ء میں تین سو کنال اراضی جمائما خان کے نام پر خریدی گئی لیکن جمائما کا شناختی کارڈ پیش نہیں کیا گیا ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زمین خرید نے کے وقت وزارتِ داخلہ سے این او سی بھی نہیں لیا گیا ، بعد میں یہ زمین جمائما نے مختارنامہ کے ذریعے عمران خان کو تحفہ میں دی ، اراضی کے مختلف انتقال میں جمائما پیش ہوئیں نہ انکا نمائندہ آیا ، صرف ایک انتقال میں ایک ریٹائرڈ میجر بطور نمائندہپیش ہوئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات