دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری اپنامذہبی تہوار ہولی کل جوش و خروش سے منائے گی

کراچی میں ہولی کی تقریبات دو روز تک جاری رہیں گی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مندر وں میں پوجا کے بعد ہوگا ،بعد ازاںشرکامیں خصوصی پرشاد بھی تقسیم کیا جائیگا

بدھ 28 فروری 2018 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2018ء) دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری اپنامذہبی تہوار ہولی کل (جمعرات) جوش و خروش سے منائے گی۔ اس مناسبت سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی ہولی کی تقریبات منعقدہ ہونگی جو دو روز تک جاری رہیں گی ۔ان تقریبات کا باقائدہ آغاز مندر وں میں پوجا کے بعد ہوگا اور بعد ازاں تقریبات کے بعد شرکامیں خصوصی پرشاد بھی تقسیم کیا جائیگا۔

کراچی میں ہندو برادری کے مرکزی مندو سوامی نارائن میں خصوصی پوجا ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ،ہولی اور دعائیہ تقریبات میں ہندو برادری کے بچوں ، نوجوانوں اور بزرگ فراد شرکت کرینگے اور ایک دوسرے پر رنگ لگا کر ہولی کی مبارکباد دینگے۔ہولی کی مناسبت سے ہندو برادری نے نئے ملبوسات بھی تیار کروائے ہیں ، اپنے گھروں اور مندروں کو خصوصی طور پر سجایاہے جبکہ دوستوں اور رشتہ داروں کو تحائف بھیجنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہندو مذہب میں ہولی کو دیوالی کے بعددوسرے بڑے تہوار کی حیثیت حاصل ہے۔یہ مارچ کے مہینے میں موسم گرما کے آغاز پر منایا جاتا ہے۔ پاکستا ن ہندو کونسل کے سابق صدر چیلا رام نے بتایا کہ آج جمعرات کی شام سے مندروں میںہولی کی تقریبات شروع ہونگی جبکہ کل(جمعہ کو)گھروں میں خوشی کی تقریبات اور دعوتوں کا اہتمام ہوگا اور ایک دوسرے پر رنگ لگا کر ہولی کی مبارکباد دینگے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اکائیوں کا مستقبل اسی دھرتی سے وابستہ ہے۔ ملک میں مستقل قیام امن اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے اور معاشرے کی تما م اکائیاں ایک دوسرے کے عقائد کا احترا م کریں۔واضح رہے کہ دو سال قبل2016میں سندھ حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ہولی کو سرکاری سطح پر منایا گیا تھا اور عام تعطیل بھی دی گئی تھی ۔

متعلقہ عنوان :