گجرات،15اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور1041ایجوکیٹرز کے تقرر نامے جاری

بدھ 28 فروری 2018 22:06

لالہ موسیٰ۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء)ایجوکیشن مراکزاور سرکاری سکولوں میں تعیناتی کیلئے،15اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور1041ایجوکیٹرز کی میرٹ پر بھرتی کے بعد انہیں تقرر نامے جاری کر دیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا نے پروقار تقریب کے دوران نئے اے ای اوز اور ایجوکیٹرز میں تقرر نامے تقسیم کئے، سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈی ای اوز محمد پرویز، رفعت النساء ، ڈاکٹر شفقت و دیگر بھی موجود تھے، انہوں نے نئے بھرتی ہونیوالے افسران اور اساتذہ کو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گجرات کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق تمام اے ای اوز اور ایجوکیٹرز کے تقرر کیلئے سو فیصد میرٹ پر عمل درآمد کیا گیا ہے ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی نئی ٹیم میں ماسٹر ڈگری ہولڈر اور ایم فل لیول کے اعلی تعلیم یافتہ نوجوان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہمارہ فوکس کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتر بنانا ہے، سرکاری ایجوکیشن سیکٹر ہر لحاظ سے مثالی ہے کیونکہ اسکے اساتذہ ہر لحاظ سے اعلی تعلیم یافتہ ہیں، ہمیں محدود وسائل کے باوجود اپنی منزل کو پانا ہے اور ہماری منزل اپنے سرکاری اداروں میں زیر تعلیم بچوں کا بہتر مستقبل ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے نئے بھرتی ہونیوالے ایجوکیٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار، لباس، گفتار میں طلبہ و طالبات کیلئے رول ماڈل بنیں، نئے آفیسرز اور ایجوکیٹرز زندگی کے میدان میں چیلنجز قبول کرنا سکھیں، کوشش کرنا فرض ہے صلہ دینا اللہ کریم کا کام ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایجوکیشن کی موجودہ ٹیم نے ابتک مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت کی ہے جس کا نتیجہ صوبے میں تعلیمی رینکنگ میں 33ویں سی5ویں پوزیشن تک پہنچنا ہے ، ہمارہ اگلا ہدف ٹاپ لیول ہے، ابتک جو کمی رہ گئی تھی نئی ٹیم اپنی کاوشوں سے اسے پورا کر ے گی۔

سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف نے بتایا کہ میرٹ پر بھرتیوں میں خواتین امیدوار وں نے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بھرتی ہونیوالی1041ایجوکیٹرز میں 316مرد اور725خواتین شامل ہیں، ایجوکیٹرز بھرتیوں کی تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ایجوکیٹرز کی باقی خالی سیٹوں پر حکومت پنجاب کی ہدایات ملنے کے بعد بھرتی کا عمل شروع ہو گا۔