کمشنر ڈی جی خان کا ٹیچنگ ہسپتال کے توسیعی منصوبہ میں سست روی پربرہمی کا اظہار

بدھ 28 فروری 2018 22:09

ڈی جی خان ۔28فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے 370بستر کے توسیعی منصوبہ میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تکمیل کیلئے ٹائم لائن دیدی ،مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، افرادی قوت تین گنا کر کے دن رات شفٹوں میں کام کیاجائے ، انہوںنے یہ ہدایات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید بھی موجود تھے ، کمشنر نے اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتال کے توسیعی منصوبہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور کہاکہ متعلقہ محکمے مل کر کام کریں، 370بستر کے سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ بلاکس کی تعمیر پر ساڑھے چار ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں ، کمشنر نے گراونڈ فلو رکی تکمیل کیلئے دس مارچ ، فسٹ فلور 20مارچ ، سیکنڈ فلور 30مارچ اور تھرڈ فلور کی تکمیل کیلئے پانچ ،اپریل تک کی تاریخ مقرر کی ، اجلاس میں بتایاگیاکہ تین لاکھ مربع فٹ پر توسیعی بلاک کی تکمیل ایچ وائک سسٹم کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے ، ہسپتال کے توسیعی بلاکس میں گراونڈ فلو ر پر کارڈیالوجی ، نیفرالوجی اور ڈائیلسز ڈیپارٹمنٹ تعمیر کیے جائیں گے جبکہ فرسٹ فلور پر نیورو سرجری ، برن یونٹ ، پلاسٹک سرجری ، پلمونالیجی اور ڈرماٹالوجی کے شعبے ، سیکنڈ فلور پر پیڈز سرجری ، آٖریشن تھیٹرز اور سی ایس ایس ڈی قائم ہوں گے ، نئے بلاکس میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 136نرسز سمیت 480آسامیوں کیلئے درخواستیں آٹھ مارچ تک طلب کر لی گئی ہیں ، کمشنر نے ہسپتال کیلئے لانڈری کی تعمیر ، کھمبوں کی منتقلی ، ایکسپریس فیڈر کی تنصیب اور واٹر سپلائی لائن بچھانے کے کام کو فوری طو رپر شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔