وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور ہونیوالی قرارداد کا متن

بدھ 28 فروری 2018 22:03

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب پارلیمانی پارٹی کے اجلاس ..
لاہور۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی گئی۔قرارداد صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پیش کی ۔قرارداد کامتن درج ذیل ہے ۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کا قائمقام صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اوراللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ وہ انہیں اس منصب پراپنی بہترین توانائیوں کیساتھ پاکستان اوراس کے عوام کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطافرمائے ۔

(آمین) پنجاب پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس پارٹی کے قائد محمد نوازشریف کے اس فیصلے کی بھر پور تائید کرتا ہے اورسمجھتا ہے کہ قائد محترم کی طرف سے محمد شہبازشریف کی بطور صدر نامزدگی کا یہ فیصلہ پارٹی،پاکستان اورپاکستان کے عوام کے حق میں بہترین اقدام ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ان خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے جوانہوںنے قائد محترم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کی ترقی اورعوام کی بہتری کیلئے گزشتہ کئی عشروں کے دوران سرانجام دی ہیں ۔

پنجاب پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس پنجاب مسلم لیگ(ن) کے صدر کے طورپر شہبازشریف کی خدمات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔یہ اجلاس پاکستان میں انرجی کے منصوبوں کے اجراء اورپاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے نجات دلانے کیلئے محمد شہبازشریف کی خدمات کو خاص طورپر سراہتا ہے اوران خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو انہوںنے عالمی سطح پر دوست اوربرادر ممالک کیساتھ پاکستان اورپاکستان کے عوام کے رشتوں کو بہتر بنانے اورانہیں سود مند معاشی تعلقات میں ڈھالنے کیلئے سرانجام دی ہیں ۔

یہ اجلاس اس یقین کا اظہارکرتا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی صدارت کے منصب پر فائز ہونے کے بعد تعلیم،صحت ،ٹرانسپورٹ اورقومی تعمیر نو کے دوسرے شعبوں پرمبنی ان کا ترقیاتی وژن ملک کے دوسرے حصوں میں بھی ترقی اورعوامی فلاح کے ایک نئے دور کے آغاز کا ضامن ہوگا۔پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس اس فیصلے پر قائد محترم محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔

پنجاب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس محمد نوازشریف کے بطورقائد مسلم لیگ (ن) انتخاب کی بھر پور تائید کرتا ہے ۔اجلاس اس امر کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خوش قسمتی تصور کرتا ہے کہ اسے محمد نوازشریف جیسے عظیم سیاستدان اورمدبر کی رہنمائی اورسرپرستی حاصل ہے ۔یہ اجلاس قائد محترم محمد نوازشریف کو یقین دلاتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن اورعہدیداران ان کی بے مثال رہنمائی میں پاکستان کے عوام کی خدمت اورپاکستان کو اقوام عالم میں اس کا حقیقی مقام دلانے میں کوئی کسراٹھانہ رکھیں گے ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

متعلقہ عنوان :