کوئٹہ،پشتونخواملی عوامی پارٹیکی سمنگلی روڈ پردہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی مذمت

بدھ 28 فروری 2018 22:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں سمنگلی روڈ پردہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اورامن وامان قائم رکھنے والے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دن دہاڑے دہشتگردوں نے پولیس افیسر ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور گاڑی بلٹ پروف ہونے کے بدولت ڈی ایس پی حمید اللہ دستی اور ان کے ڈرائیور بال بال بچ گئے جبکہ پیچھے بیٹھے دو پولیس اہلکاروں شہید ہوگئے ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ متعلقہ انتظامی اور سیکورٹی اداروں کے ایسے عوام دشمن اور وحشت ناک دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور بروقت اور مسلسل اقدامات کے ذریعے ہی اس کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ مخصوص وقت سے اعلیٰ پولیس افیسران اور پولیس سپاہیوں کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد پولیس فورس کا مورال گرانے اور انہیں پسپا کرکے اپنے ناروا عزائم کی تکمیل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

کیونکہ پولیس ہی شہر کے ہر گلی کوچے ، محلے سمیت سارے شہر میں عوام کی جان ومال کی حفاظت پر مامور ہوتی ہے اور تسلسل کے ساتھ پچھلے دہشتگردی کے واقعات بھی یہ ثابت کرتے ہیں ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ پولیس فورس کی تعداد سمیت ہر شعبہ میں ان کے ضروریات کو پورا کرنے اور ان کی استعداد کو مزید بڑھانے اور ایسے واقعات میں شہید وزخمی ہونیوالے سپاہیوں اوران کے خاندانوں کی بھرپور مدد کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے اور ساتھ ہی ان دہشتگرد اور عوام دشمن عناصر کیخلاف ہر سطح پرکارروائی لازمی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبے میں فرنٹیر کور کو تعینات کرکے تمام تر وسائل اور مکمل اختیارات دیئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے جو کہ عوام کیلئے سوالیہ نشان ہیں۔

متعلقہ عنوان :