حافظ آباد ،ذاتی اور پرائیویٹ کلینکس پر زیادہ توجہ دینے والے ڈاکٹر ،سٹاف اور عملہ سے کوئی رعایت نہیں برتیں گی،صالحہ سعید

تمام سرکاری ملازمین بالخصوص محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹروں ،سٹاف نرسز اور دیگر عملہ کا فرض ہے کہ وہ مریضوں سے حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے ان کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں ،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

بدھ 28 فروری 2018 21:05

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید نے کہا ہے کہ مریضوں کو بروقت علاج معالجہ کی تمام دستیاب سہولیات کی بلا امتیاز فراہمی اور سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں واضح بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور وہ فرائض کی ادائیگی کی بجائے ذاتی اور پرائیویٹ کلینکس پر زیادہ توجہ دینے والے ڈاکٹر ،سٹاف اور عملہ سے کوئی رعایت نہیں برتیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری ملازمین بالخصوص محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹروں ،سٹاف نرسز اور دیگر عملہ کا فرض ہے کہ وہ مریضوں سے حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے ان کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ڈاکٹروں کی حاضری ،ادویات کی دستیابی اور دیگر امور میں واضح بہتری بھی آئی ہے تاہم ابھی بھی کئی شعبوں میں مذید محنت اور لگن کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ریحان اظہر،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم ،ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر یونس کھوکھر سمیت ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران اور دیہی مراکز صحت کے انچارج ڈاکٹر ز نے اجلاس میں شرکت کی ۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حامد رفیق نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے محکمہ کی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ای پی آئی مہم میں ناقص کارکردگی برتنے والے چار ویکسینٹروں سے جواب طلبی کی گئی ہے جبکہ دیگر 38ویکسینٹروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ پولیو مہم میں ضلع کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے اور وزیر اعلیٰ ہیلتھ روڑ میپ کے اہداف کے حصول کے حوالہ سے بھی ضلع کی کارکردگی صوبہ بھر میں نمایاں رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں سے بھی ادویات کی کمی اور عدم دستیابی کی شکایات موصول ہوتی ہیں وہاں فوری اقدامات کے ذریعے اس کمی کو پورا کیا جاتا ہے اور تمام ہسپتالوں میں ضروری ادویات بآسانی اور وافر دستیاب ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال کے او پی ڈی میں44041افراد کو تشخیص اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ اس عرصہ میں926اپریشن بھی کئے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں بھی 16794افراد کو او پی ڈی میں طبی اور650سے زائد افراد کو آپریشن کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :