اسپاٹ فکسنگ، شاہ زیب حسن پر ایک سالہ پابندی، 10لاکھ روپے جرمانہ عائد

پی سی بی نے کر کٹر پر4 الزامات لگائے ،جن میں سے 3الزامات پر سزا دی گئی، محمد عرفان سے رابطے کے چوتھے الزام پر سزا نہیں دی گئی،پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی

بدھ 28 فروری 2018 18:22

اسپاٹ فکسنگ، شاہ زیب حسن پر ایک سالہ پابندی، 10لاکھ روپے جرمانہ عائد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2018ء) پی ایس ایل ٹو سپاٹ فکسنگ میں پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے مختصر فیصلے میں شاہ زیب حسن کو پی سی بی کی جانب سے لگائے گئے چار میں سے تین الزامات پر سزا سنائی، شاہ زیب حسن کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت گزشتہ سال 21 اپریل سے شروع ہوئی اور کیس کا فیصلہ 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا تھا۔

انہیں 17 مارچ 2017 کو معطل کیا گیا، اس طرح ان پر ایک سالہ پابندی کی سزا 16 مارچ کو ختم ہو جائے گی۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے شاہ زیب حسن پر چار الزامات لگائے جن میں سے تین الزامات بکی سے رابطے ، کرکٹرز کو اکسانے اور بکیز کے رابطے کی بورڈ کو اطلاع نہ دینے پر سزا دی گئی ہے جبکہ محمد عرفان سے رابطے کے چوتھے الزام پر سزا نہیں دی گئی، انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کا ابھی مختصر فیصلہ آیا ہے تاہم تفصیلی فیصلہ کے بعد اس کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کریں شاہ زیب حسن کی سزا اگرچہ 16 یا 17 مارچ کو ختم ہو جائے گی تاہم انہیں جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا اور کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کیلیے بحالی پروگرام سے گزرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ ناصر جمشید کو سہولت کاری کے الزام میں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں محمد عرفان کو بکی سے رابطوں کی بروقت اطلاع نہ دینے پر پی سی بی ڈسپلنری پینل کی جانب سے معطلی اور جرمانے کی سزا سنائی جو وہ کاٹ چکے ہیں۔