عبدالستار ایدھی کابدھ کو 90واں یوم پیدائش منایاگیا

عبدالستارایدھی 28فروری 1928کو بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بانٹوا میں پیداہوئے تھے

بدھ 28 فروری 2018 13:14

عبدالستار ایدھی کابدھ کو 90واں یوم پیدائش منایاگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2018ء) پاکستان میں فلاحی کاموں کیلیے اولین نام عبدالستار ایدھی کابدھ کو 90واں یوم پیدائش منایاگیا۔عبدالستار ایدھی وہ شخصیت تھے جس نے پاکستانیوں کی مدد کرنے کیلیے دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلانے کا بیڑہ اٹھایا۔ہزاروں افراد کو سائبان فراہم کرنے والے عبدالستار ایدھی جو دوسروں کے لئے تو مسیحا مگر بذات خود درویش طبیعت کے مالک تھے۔

ناگہانی آفات ملکی سطح پر ہوں یا غیر ملکی سطح پر تکلیف میں مبتلا افراد کی آواز پر سب سے پہلے عبدالستار ایدھی نے لبیک کہا۔انھوں نے ضرورت مندوں کی ضرورت کو پورا کرنے پوری کوشش کی، مگر اپنے لئے انتہائی سادہ زندگی کو چنا۔ عالمی شہرت یافتہ ہونے کے باوجود لباس خوراک رہائش کا طریقہ ہر چیز میں سادگی کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

فرشت صفت انسان نے اپنے بچوں کو پرورش میں بھی انسانیت کا درس دیا،عبدالستار ایدھی کے اہلخانہ کے مطابق وہ فقیر صفت انسان تھے۔

اس وقت پاکستان بھر میں ایدھی فائونڈیشن کے ساڑھی350 مراکز چل رہے جس میں خواتین کے شیلٹرزہوم،بچوں کے دارالامان،ایمبولینس سروسزمراکز،چھوٹے چھوٹے شفاخانے، سرد خانے اور دیگرفلاحی مراکزایدھی فانڈیشن کی زیر نگرانی کام کر رہے ہیں، ایدھی صاحب کے بعد فلاحی کاموں کا سلسلہ تو نہ رکا تاہم فنڈز جمع کرنے میں مشکلات کا سامنا ضرور رہا۔اپنی 88 سالہ زندگی میں عبدالستار ایدھی نے صرف فلاحی کام کئے وہ آج بھلے ہی ہمارے بیچ نہ ہوں مگر ان کی خدمات کی بنا پر ان کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا۔عبدالستارایدھی 28فروری 1928کو بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بانٹوا میں پیداہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :