امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس کی وزیر داخلہ احسن اقبال، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرسے ملاقاتیں

دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی نمایاں قربانیوں کا اعتراف کیا

منگل 27 فروری 2018 20:07

امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس کی وزیر داخلہ احسن اقبال، سیکرٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2018ء) امریکی صدر کی نائب معاون اور یو ایس نیشنل سکیورٹی کونسل کی سینئرڈائریکٹر برائے جنوبی و وسطی ایشیا لیزا کرٹس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور میں داخل ہونا چاہتا ہے۔منگل کو امریکی سفارتخانہ کے مطابق کرٹس نے یہ بات 26 تا 27 ِفروری اپنے پاکستان کے دوران اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرسے ملاقاتوں کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے، جس کی بنیاد اس مشترکہ عزم پر مبنی ہو کہ ہم مل کر ان سب دہشت گرد گروہوں کو شکست دیں گے جو علاقائی استحکام وسلامتی کے ساتھ ساتھ افغانستان کے پرامن مستقبل کے مشترکہ خواب کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی نمایاں قربانیوں کا اعتراف کیا اور اِس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا کے بارے میں امریکی حکمت عملی ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کے قیام کے امکان کی عکاسی کرتی ہے جو افغان پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی ، جنوبی ایشیا میں داعش کو شکست دینے اور پاکستان اور امریکا کے لئے مشترکہ خطرہ بنے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔۔

متعلقہ عنوان :