امریکہ کا ایک بار پھر پاکستان سے حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشتگرد وں کے خاتمے کا مطالبہ

پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشتگرد گروہوں کی فنڈنگ روکنے کے نظام کے نفاذ پر زور ،جنوبی ایشیا بارے امریکی حکمت عملی ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کے قیام کی عکاسی کرتی ہے، امریکہ مل کر دہشتگرد گروہوں کو شکست د ینے کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس کی دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں گفتگو

منگل 27 فروری 2018 17:27

امریکہ کا ایک بار پھر پاکستان سے حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشتگرد وں کے ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2018ء) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے مسئلہ پرتوجہ دے، پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشتگرد گروہوں کی فنڈنگ روکنے کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے خامیاں ہیں ،جنوبی ایشیا بارے امریکی حکمت عملی ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کے قیام کے موقعہ کی عکاسی کرتی ہے، امریکہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے، جس کی بنیاد اس مشترکہ عزم پر مبنی ہو کہ ہم مل کر ان سب دہشتگرد گروہوں کو شکست دیں گے۔

منگل کو امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر کی نائب معاون اور یو ایس نیشنل سیکیورٹی کونسل کی سینئرڈائریکٹر برائے جنوبی ووسط ایشیا لیزا کرٹس نے اسلام آباد کا دورہ کیا جس دوران سینئر ڈائریکٹر کرٹس نے خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ، وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرسے ملاقاتیں کی۔

(جاری ہے)

لیزاکرٹس نے پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے، جس کی بنیاد اس مشترکہ عزم پر مبنی ہو کہ ہم مل کر ان سب دہشتگرد گروہوں کو شکست دیں گے جو علاقائی استحکام وسلامتی کے ساتھ ساتھ افغانستان کے پرامن مستقبل کے مشترکہ خواب کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی نمایاں قربانیوں کا اعتراف کیا اور اِس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا کے بارے میں امریکی حکمت عملی ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کے قیام کے موقعہ کی عکاسی کرتی ہے جو افغان پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی ، جنوبی ایشیا میں داعش کو شکست دینے اور پاکستان اور امریکہ کے لئے مشترکہ خطرہ بنے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا ۔

مِس کرٹس نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر حقانی نیٹ ورک اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے مسئلہ پرتوجہ دے ۔ انہوں نے عالمی برادری کے ان دیرینہ خدشات کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشتگرد گروہوں کی فنڈنگ روکنے کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے خامیاں پائی جاتی ہیں۔