مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے بوسنیا ہرزگووینا کے سفیر ثاقب فورک کی ملاقات

پاکستان کی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مؤثر اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں ،ْ ناصر خان جنجوعہ تجارت اور صنعت کے شعبہ میں دونوں ممالک کیلئے تعلقات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ،ْبوسینائی سفیر

پیر 26 فروری 2018 22:46

مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے بوسنیا ہرزگووینا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء)مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مؤثر اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں۔قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے بوسنیا ہرزگووینا کے پاکستان میں سفیر ثاقب فورک نے ملاقات کی۔ پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے تعلقات میں بہتری سمیت خطہ کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ناصر جنجوعہ بوسنیاہرزگووینا کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بوسنیا ہرزگووینا ایک عظیم اور بھرپور تاریخ کی حامل قوم ہے۔ بوسنیا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے بہت اہم ملک ہے اور پاکستان کی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مؤثر اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے اور مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے خصوصاً دفاع، دفاعی پیداوار اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی ۔ بوسنیا ہرزگوویناکے سفیر نے کہا کہ تجارت اور صنعت کے شعبہ میں دونوں ممالک کیلئے تعلقات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔