سپریم کورٹ ، غیر معیاری اسٹنٹس کی تیاری اور ان کی مہنگے داموں فروخت سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت 10 روز کیلئے ملتوی

پیر 26 فروری 2018 22:32

سپریم کورٹ ، غیر معیاری اسٹنٹس کی تیاری اور ان کی مہنگے داموں فروخت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے عارضہ قلب کے مریضوں کیلئے غیر معیاری اسٹنٹس کی تیاری اور ان کی مہنگے داموں فروخت سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت 10 روز تک ملتوی کردی۔ پیرکو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اظہر کیانی نے عدالت کو مقرر کردہ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ پیش کی ۔

چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ کیا ان تجاویزات پر کسی کو اعتراض ہے ، جس پرڈاکٹر اظہر کیانی نے عدالت کوبتایا کہ اسٹنٹ ڈالنے کا مکمل خرچہ ایک لاکھ کے اندر ہوگا ، جبکہ بھارت میں یہ اخراجات 444ڈالرز ہے جس پر چیف جسٹس نے ڈاکٹر اظہر کیانی کی رپورٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے جو خوشخبری سنائی ہے اس کی قوم قیمت ادا نہیں کرسکتی ، آج سینئر ڈاکٹر ز پر مشتمل کمیٹی نے عدالت میں رپورٹ پیش کردی ہے ، جس کے مطابق 3لاکھ سے خرچہ کم ہوکر ایک لاکھ روپے میں لانا ایک معجزہ ہی ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن کاکہنا تھاکہ ڈاکٹر کیانی نے قوم کے بہت سارے لوگوں کی جانیں بچائی ہیں ، عدالت نے کمیٹی کی رپورٹ تمام صوبائی وزارت اطلاعات، نیشنل ہیلتھ کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تمام ادارے دس روز میں رپورٹ پر اپنی اپنی تجاویز دیں ، بعدازاں مزید سماعت 10روز تک ملتوی کردی گئی۔